کراچی اور عدن کوجڑواں شہر قراردینے کے معاہدے پر دستخط

دونوں شہر بحری تجارت کے بڑے مراکز ہیں،ایڈمنسٹریٹر رئوف اخترفاروقی


Staff Reporter January 10, 2014
ایڈمنسٹریٹرکے ایم سی رؤف فاروقی اورعدن کے ڈپٹی گورنر جڑواں شہر قراردینے کی یادداشت پر دستخط کررہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

KARACHI: ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی اور یمن کے شہر عدن کے ڈپٹی گورنر احمد اے الدھالی نے کراچی اور عدن کو جڑواں شہر قرار دینے کیلیے مفاہمتی یادداشت پر دستحظ کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دونوں شہروں کے درمیان باہمی رضامندی و اشتراک سے معیشت، تجارت، اربن پلاننگ، ہائوسنگ، بندرگاہ کے ذریعے تجارت اور نقل و حمل سمیت دیگر شعبہ جات میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ وفود کے تبادلے بھی کیے جائیں گے۔

اس حوالے سے جمعرات کی شام باغ جناح ( پولو گرائونڈ) میں پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی اور عدن کے ڈپٹی گورنر نے باہمی یادداشت پر دستحظ کیے ،اس موقع پر یمن کے اعزازی قونصل جنرل مرزا اختیار بیگ،مختلف ممالک کے قونصل جنرل ، کمشنر شعیب احمد صدیقی، بلدیہ عظمیٰ کے مختلف محکموں کو سربراہان اور کراچی میں مقیم یمنی طالبعلموں کی ایک بڑی تعداد بھی موجود تھی۔



تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر رئوف اختر فاروقی نے کہا کہ کراچی اورعدن بحری تجارت کے بڑے مراکز ہیں، باہمی تجارت بڑھے گی ،عدن کے ڈپٹی گورنر احمد اے الدھالی نے اپنے خطاب میں کہا کہ کراچی دنیا بڑا تجارتی اور کاروباری مرکز ہے،عدن اور کراچی مختلف شعبوں میں مشترکہ طور پر کام کرکے بہتر نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔