پاک کالونی، آہنی پہیے کے ٹکڑے گرنے سے کئی گھر اور فیکٹری تباہ

اسٹاف رپورٹر  اتوار 4 اپريل 2021
 پہیے کے ٹکڑے سریا بنانے والی فیکٹری کی چلتی مشین سے ٹوٹ کر دور دور تک جاگرے، ٹکڑا قبرستان میں گرنے سے قبروں کو نقصان پہنچا،ایس ایچ او

 پہیے کے ٹکڑے سریا بنانے والی فیکٹری کی چلتی مشین سے ٹوٹ کر دور دور تک جاگرے، ٹکڑا قبرستان میں گرنے سے قبروں کو نقصان پہنچا،ایس ایچ او

 کراچی:  پاک کالونی کے مختلف علاقوں میں آہنی پہیے کے ٹکڑے گرنے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

مختلف مقامات پر گرنے والے وزنی ٹکڑوں نے نہ صرف گھروں کو نقصان پہنچایا جبکہ قبرستان میں گرنے سے متعدد قبروں کو بھی نقصان پہنچا۔ واقعے کے بعد پراسرار آہنی ٹکڑوں کو موقع پر موجود افراد نے قدرتی طور پر آسمان سے گرنے کا واقعہ قراردیا۔ تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کی ٹیم نے تحقیقات کی تو انکشاف ہوا کہ سریا بنانے والی فیکٹری کی مشین کا آہنی پہیہ جو کام کے دوران چلتی ہوئی مشین میں ٹوٹ گیا تھا اس کے ٹکڑے سریا فیکٹری سمیت مختلف مقامات پر دور دور تک جا گرے، واقعے میں ایک خاتون زخمی ہوگئی، تفصیلات کے مطابق پاک کالونی کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی صبح10بجے کے قریب وزنی آہنی ٹکڑے گرنے سے خوف و ہراس پھیل گیا۔

آہنی ٹکڑے گرنے سے نہ صرف کئی گھروں کو نقصان پہنچا بلکہ زمین میں گڑھا بھی پڑگیااس دوران پاک کالونی کے علاقے میوہ شاہ قبرستان میں آہنی ٹکڑا گرنے سے شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی اور جس مقام پرآہنی ٹکڑا گرا تھا وہاں پر گڑھا پڑگیا،کئی قبروں کو بھی نقصان پہنچا ابھی یہ صورتحال واضح ہی ہوئی تھی کہ اطلاع ملی کہ آہنی پہیے کا ٹکڑا گرنے سے میراں ناکہ کے قریب گھر کی چھت کو نقصان پہنچا اور اس دوران ایک خاتون کے معمولی زخمی ہونے کی بھی اطلاع ملی جبکہ ایک ٹکڑا قریب واقع فیکٹری میں بھی گرا جس کے باعث کمرے کی چھت اور دیواریں ٹوٹ کر ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔

تاہم اس مقام پر معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، آہنی ٹکڑوں کی مختلف مقامات پر گرنے کی کئی فوٹیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں جس پر پولیس بھی حرکت میں آگئی پولیس نے ملنے والے ٹکڑوں کو قبضے میں لے کر مزید تحقیقات کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرلیا اور بڑی تگ و دو کے بعد انکشاف ہوا کہ مذکور آہنی ٹکڑے پاک کالونی کی سریا فیکٹری میں استعمال کی جانے والی بڑی مشین کا آہنی پہیہ تھا جو کام کے دوران ٹوٹ کر ٹکڑوں میں تقسیم ہوگیا اور برق رفتاری کے ساتھ مختلف مقامات پر جاگرا جبکہ ایک آہنی ٹکڑے نے سریا فیکٹری کی مشین سمیت دیگر حصوں کو بھی نقصان پہنچایا جبکہ دیگر 3 ٹکڑے میوہ شاہ قبرستان سمیت مختلف مقامات پر گرے۔

بی ڈی ایس نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سریا فیکٹری میں کام کے دوران جس مشین سے آہنی پہیہ نکل کر دور تک جاکر گرا ہے اس کا (آر پی ایم) ایک منٹ میں 600 سے 900 کے درمیان گھومتا ہے اور مشین میں کسی خرابی کی وجہ سے برق رفتار ی سے چلنے والا پہیہ ٹوٹ کر ٹکڑوں میں کئی فرلانگ دور تک ہوا میں اڑتا ہوا جاگرا  اس حوالے سے ایس ایچ او پاک کالونی ندیم خان کا کہنا تھا کہ اندازے کے مطابق آہنی پہیے کے ٹکڑے ایک سے 2 کلومیٹر کے درمیان گرے ہیں واقعے کی تحقیقات جاری ہے اور اگر اس حوالے سے کسی کی غفلت و لاپروائی سامنے آئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔

پاک کالونی کے علاقے میں سریا فیکٹری کی مشین سے نکلنے والے انتہائی وزنی آہنی پہیے کا ٹکڑا شیرشاہ کے علاقے میں عمارت کی 2 چھتوں کو توڑتا ہوا گھر کے اندر فرش پر آکر گر گیا تاہم معجزانہ طور پر کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم آہنی ٹکڑے گرنے سے مکینوں کو مالی نقصان برداشت کرنا پڑا اور ان کے گھروں کی دیواریں اور چھتیں بری طرح تباہ ہوگئی ہیں مکینوں نے نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کرائی جائے اور جو بھی اس غفلت و لاپروائی میں ملوث ہے اسے قانون کے مطابق سزا اور ہمارا مالی نقصان پورا کیا جائے ، ایس ایچ او شیرشاہ رفیق مغل کا کہنا تھا کہ ٹکڑا اتنا وزنی ہے کہ اسے 5 افراد بھی ہلا نہ سکے تاہم تحقیقات کر رہے ہیں کہ معاملہ کیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔