پاکستانی ورکرز نے گزشتہ ماہ 22 فیصد زائد رقم بھیجی ششماہی ترسیلات زر 7 ارب 80 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئیں

جولائی تا دسمبر9.46 فیصد کا اضافہ، سعودی عرب 2 ارب 20 کروڑ،امریکا ایک ارب 25 کروڑ اوربرطانیہ سے ایک ارب 13 کروڑ موصول


Business Reporter January 11, 2014
بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرزنے گزشتہ ماہ1ارب38 کروڑ ڈالر بھیجے، نومبر میں1ارب 13کروڑ،دسمبر 2012 میں1 ارب 13 کروڑڈالرملے تھے،اسٹیٹ بینک۔ فوٹو: فائل

بیرون ملک مقیم پاکستانی ورکرز کی جانب سے رواں مالی سال کی پہلی ششماہی (جولائی تا دسمبر2013) کے دوران 7ارب 79کروڑ 20 ہزر ڈالر کی ترسیلات زر وطن بھیجی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں موصولہ 7ارب 11کروڑ 67لاکھ 50 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 9.46 فیصد زیادہ ہیں جبکہ دسمبر میں ترسیلات زر 22 فیصد کے سال بہ سال اضافے سے 1 ارب 38 کروڑ 47 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئیں۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جولائی تا دسمبر کے دوران سعودی عرب سے ترسیلات زر کی آمد سال بہ سال 1ارب 96 کروڑ 6لاکھ20ہزارڈالر سے بڑھ کر 2ارب20کروڑ 37 لاکھ 40 ہزارڈالر، متحدہ عرب امارات 1ارب 46 کروڑ 9لاکھ ڈالر سے بڑھ کر 1 ارب 57 کروڑ 23 لاکھ 40 ہزار ڈالر، امریکا 1ارب 15کروڑ 55لاکھ 40 ہزار سے بلند ہو کر 1 ارب 24 کروڑ 84 لاکھ 10 ہزار ڈالر، برطانیہ 1 ارب 50 لاکھ 10 ہزار ڈالر سے بڑھ کر 1 ارب 13 کروڑ 98لاکھ 50 ہزار ڈالر، جی سی سی ممالک بشمول بحرین، کویت، قطر و سلطنت عمان 81کروڑ 11لاکھ80 ہزار سے بڑھ کر 89 کروڑ 76 لاکھ 90 ہزار ڈالر، یورپی یونین کے ممالک سے 18کروڑ 87 لاکھ 70 ہزار ڈالر کے مقابلے میں 21کروڑ 65لاکھ 70 ہزار اور ناروے، سوئٹزر لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان و دیگر ممالک سے 53 کروڑ 46 لاکھ 80 ہزار ڈالر سے گھٹ کر 51کروڑ 14لاکھ 20 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔

 photo 1_zps1d76ccd5.jpg

اسٹیٹ بینک کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں نے دسمبر 2013 میں 1 ارب38کروڑ47 لاکھ 10ہزار ڈالر بھیجے جبکہ نومبر 2013 میں 1 ارب 12 کروڑ 97لاکھ اور دسمبر 2012 میں بیرون ملک سے 1 ارب 13 کروڑ 46 لاکھ 60 ہزار ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئی تھیں، اس دوران سعودی عرب سے 41کروڑ ڈالر، متحدہ عرب امارات 27 کروڑ 51 لاکھ ڈالر، امریکا 22کروڑ 39 لاکھ ڈالر، برطانیہ 17 کروڑ 71لاکھ ڈالر، جی سی سی ممالک بشمول بحرین، کویت، قطر و سلطنت عمان16کروڑ 50لاکھ ڈالر، یورپی یونین کے ممالک 3 کروڑ 74لاکھ اور ناروے، سوئٹزرلینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، جاپان اور دیگر ممالک سے 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی ترسیلات زر موصول ہوئیں۔