سردی کی شدت بڑھ گئی رات کو سرد ہوائیں چلنے لگیں

رات کی رونقیں کم ہوگئیں، چکن کارن سوپ اور یخنی کی دکانوں پر رش، ہوٹلوں پر بھی چائے اور قہوے کی فروخت میں اضافہ ہوگیا


Staff Reporter January 11, 2014
سردی کی شدت میں اضافے کی پیشگوئی، شہری سرشام گھر پہنچنے لگے، خشک میوہ جات اور مچھلی کی فروخت بڑھ گئی۔ فوٹو: ایکسپریس / فائل

ISLAMABAD: ملک بھر سردی کی نئی لہرکے اثرات کراچی میں بھی ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں، گزشتہ 2 روز سے موسم خشک ہونے کے ساتھ رات میں سرد ہوائیں چل رہی ہیں،دوبارہ سرد موسم نے کراچی کے شہریوں کو جلد گھروں کو جانے پر مجبور کردیا ہے اور رات کی رونقیں کم ہوگئی ہیں۔

جمعہ کو دن میں شہر میں دھوپ نکلی ہوئی تھی تاہم شام کو موسم سرد ہوگیا اور رات کو سرد ہوائیں چلتی رہیں، جمعہ کو کو شہر کا درجہ حرارت کم از کم 8.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب بھی 23 فیصد رہا ،شہر میںدوبارہ سرد ہوائیں چلنے کے سبب لوگوں نے گرم کپڑوں کا استعمال بڑھادیا ہے، مرد، خواتین، بچے، بوڑھے جیکٹوں، سوئیٹرز، شالیں، اونی ٹوپیاں، گرم موزے اور سردی سے محفوظ رکھنے والے دیگر کپڑے پہن رہے ہیں۔



سردی کی نئی لہر کے باعث چکن کارن سوپ اور یخنی کی دکانوں پر رش بڑھ گیا ہے جبکہ چائے کے ہوٹلوں پر بھی چائے اور قہوے کی فروخت میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، رات کے وقت میں سرد ہوائیں چلنے کی وجہ سے سڑکوں پر سناٹا دیکھنے میں آیا ہے، شام کے وقت میں لوگوں کی ترجیح رہی کہ وہ جلد سے جلد اپنے کام نمٹا کر اپنے گھروں میں پہنچ جائیں ،شہر میں سرد موسم کے باعث مونگ پھلی، خشک میوہ جات اور مچھلی کی فروخت میں اضافہ ہوگیا ہے اور شہریوں کی بڑی تعداد سردی سے محفوظ رہنے کے لیے مچھلی کا استعمال کررہی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں سردی کی لہر آئندہ چند روز تک برقرار رہے گی۔

مقبول خبریں