آسٹریلین اوپن ڈراز کا اعلان سرینا کی بارٹی سے پہلی آزمائش
آذرنیکاابتدائی رائونڈ میں جوہاناکے مقابل ہوں گی جبکہ ٹومک کیخلاف نڈال کورٹ سنبھالیں گے۔
نووک جوکووک کا لیکو سے میچ ہوگا۔ فوٹو: فائل
13 جنوری سے شروع ہونے والے سیزن کے پہلے گرینڈ سلم آسٹریلین اوپن کے ڈراز کا اعلان ہوگیا۔
ورلڈ نمبرون سرینا ولیمز کی پہلی آزمائش میزبان پلیئر ایشلیگ بارٹی سے ہوگی، 2 مرتبہ کی دفاعی چیمپئن وکٹوریا آذرنیکا پہلے رائونڈ میں سوئیڈن کی جوہانا لارسن کیخلاف کورٹ میں اتریںگی،کوارٹر فائنل میں ان کی ممکنہ حریف پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا ہوسکتی ہیں،مینز سنگلز میں ٹاپ سیڈ رافیل نڈال کا پہلا مقابلہ میزبان اسٹار برنارڈ ٹومک سے ہوگا، سربیا کے ورلڈ نمبر2 نووک جوکووک اپنے پانچویں آسٹریلین کرائون اور لگاتار چوتھی فتح کیلیے سفر کی شروعات لوکاس لیکو کیخلاف میچ سے کرینگے۔تفصیلات کے مطابق میلبورن پارک میں مارٹینا نیوراٹلووا اور کرس ایورٹ کے18، 18 گرینڈسلم جیتنے کا ریکارڈ برابر کرنے کیلیے پُرعزم سرینا ولیمز کی پہلی آزمائش آسٹریلن پلیئر ایشلیگ بارٹی سے ہوگی، پانچ مرتبہ کی آسٹریلین اوپن چیمپئن سرینا ممکنہ طور پر کوارٹر فائنل میں اطالوی پلیئر سارا ایرانی کا سامنا کریں گی۔
فورتھ سیڈ لینا ابتدائی کامیابیوں کی صورت میں رائونڈ 8 میں جمہوریہ چیک کی پیٹرا کیوٹوا کے مقابل پہنچیں گی، 2مرتبہ کی دفاعی چیمپئن اور ورلڈ نمبر2 بیلاروسی اسٹار وکٹوریا آذرنیکا پہلے رائونڈ میں سوئیڈن کی جوہانا لارسن کیخلاف میدان سنبھالیں گی،کوارٹر فائنل میں ان کی ممکنہ حریف پولش اسٹار اگنیسکا ریڈوانسکا ہوسکتی ہیں،5 سیڈ ماریا شراپووا کو پہلے ہی رائونڈ میں امریکن کھلاڑی بیتھنی میٹک سینڈز سے ٹکرانا پڑیگا، جنھوں نے سڈنی میں اگنیسکا ریڈوانسکا کو اپ سیٹ شکست سے دوچارکیا تھا، اگر سب کچھ توقع کے مطابق رہا تو شراپووا کواٹر فائنل میں جیلینا جینکووچ کا سامنا کریں گی، 10سیڈکیرولین ووزینسکی کا ابتدائی مقابلہ اسپین کی لورڈیس ڈومنگوئز لینو سے شیڈول ہے۔

دوسری جانب مینز سنگلز میں ورلڈ نمبرون رافیل نڈال پہلے رائونڈ میں اُبھرتے ہوئے آسٹریلین اسٹاربرنارڈ ٹومک سے مقابلہ کریں گے، 2009 میں آسٹریلین اوپن جیتنے اور گذشتہ برس انجری مسائل کے سبب غیر حاضر رہنے والے نڈال کی پہلی آزمائش ہی سخت ہے،ابتدائی مراحل عبور کرلینے کے بعد کوارٹر فائنل میں ان کے ممکنہ حریف 5 سیڈ ارجنٹائن کے جوآن مارٹن ڈیل پوٹرو ہونگے، سربیا کے ورلڈ نمبر2 نووک جوکووک پانچویں آسٹریلین کرائون اور لگاتار چوتھی فتح کیلیے سفر کی شروعات لوکاس لیکو کیخلاف میچ سے کریں گے، رائونڈ 8 میں ان کا ٹاکرا سوئس حریف اسٹینسلس واورنیکا سے ہوسکتا ہے، تین مرتبہ کے رنر اپ برطانوی اسٹار اینڈی مرے اور17مرتبہ کے گرینڈ سلم راجرفیڈرر ایک ہی ٹاپ ہاف ڈرا میں شامل ہیں۔
دونوں پلیئرز ابتدائی فتوحات کی صورت میں کوارٹر فائنل میں آمنے سامنے آسکتے ہیں، ومبلڈن چیمپئن اینڈی مرے کو پہلے رائونڈ میں جاپانی حریف گوسوئیڈا سے مقابلہ کرنا ہوگا،فیڈررکی پہلی جنگ آسٹریلین وائلڈ کارڈ جیمز ڈک ورتھ سے ہوگی،چوتھے رائونڈ میں فرنچ حریف جوئے ولفریڈ سونگا ان کے مقابل آسکتے ہیں، اسپینش تھرڈ سیڈ ڈیوڈ فیرر اورجمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ کا سامنا بھی کوارٹر فائنل میں ممکن ہے، ان سیڈڈ لیٹن ہیوٹ بھی نڈال کی راہ میں آسکتے ہیں، وہ اپنا پہلا مقابلہ اطالوی حریف آندریس سیپی کیخلاف کھیلیں گے، برسبین میں ٹائٹل فتح کے بعد انھیں بھی ورلڈ ٹاپ پلیئرزکیلیے خطرہ تصورکیا جا رہا ہے۔