بْرا دن گزرگیا، اگلا میچ ہمارا ہوگا،بابراعظم کا عزم

اسپورٹس ڈیسک  منگل 13 اپريل 2021
مڈل آرڈر مشکلات کا شکار ہے، ورلڈ کپ سے قبل مختلف کمبی نیشنزآزمائیں گے۔ فوٹو؛ فائل

مڈل آرڈر مشکلات کا شکار ہے، ورلڈ کپ سے قبل مختلف کمبی نیشنزآزمائیں گے۔ فوٹو؛ فائل

کراچی: بْرا دن گزرگیا، اگلا میچ ہمارا ہوگا‘ پاکستانی کپتان بابر اعظم نے سیریز میں پھر برتری کا عزم ظاہر کردیا۔

پاکستان کو دوسرے ٹی 20 میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 6 وکٹ کی شکست کا سامنا کرنا پڑا،پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ ویڈیو میں کپتان بابر اعظم نے کہاکہ ہمارا دن اچھا نہیں تھا، جلد گرنے والی وکٹوں نے بھی کافی نقصان پہنچایا، جس کی وجہ سے ہم مومینٹم کھو بیٹھے، مڈل آرڈر میں میری اور حفیظ کی شراکت بھی لمبی نہیں چلی،یہ بات درست ہے کہ مڈل آرڈر جدوجہد کر رہی ہے تاہم ابھی ہمیں یہاں اور زمبابوے میں بھی ٹی 20 میچز کھیلنے ہیں، اس دوران مختلف کمبی نیشنز کی آزمائش جاری رہے گی تاکہ بھارت میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ تک موزوں کمبی نیشن تشکیل دے سکیں۔

جنوبی افریقہ سے اگلے میچ کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ہمارا بْرا دن گزرچکا، ہم شکست کو پس پشت ڈال کر مثبت چیزوں کے ساتھ میدان میں اتریں گے،ایک بار پھر سیریز میں برتری حاصل کرنے کی پوری کوشش ہوگی، مجھے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد اور یقین ہے کہ اگلے میچ میں ہم اچھا پرفارم کریں گے۔ قومی کپتان نے مزید کہاکہ دوسرے میچ میں فتح کا کریڈٹ جنوبی افریقہ کو بھی دینا چاہیے، مختلف پچ پر انھوں نے بہت اچھی بولنگ کی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔