ناکامیوں کا بھوت انگلینڈ کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑگیا

پہلے ون ڈے میں بھی آسٹریلیا نے 6 وکٹ سے مات دے دی، فنچ کی شاندار سنچری


AFP January 13, 2014
میلبورن :انگلینڈ کیخلاف پہلے ون ڈے انٹر نیشنل میں آسٹریلوی اوپنر آرون فنچ کا دفاعی انداز۔ فوٹو: اے ایف پی

ناکامیوں کا بھوت انگلینڈ کے پیچھے ہاتھ دھو کر پڑگیا، پہلے ون ڈے میں بھی آسٹریلیا کے ہاتھوں 6 وکٹ سے مات ہوگئی۔

ایرون فنچ نے 8 رنز پر کیچ ڈراپ کرنے کی سزا شاندار سنچری جڑ کردی، ڈیوڈ وارنر کو تھرڈ امپائر نے بائونڈری سے واپس بلاکرکھیلنے کوکہا، 270 رنز کا ہدف کینگروز نے 4 وکٹوں پر حاصل کیا، اس سے قبل انگلینڈ نے7 وکٹ پر269 رنز بنائے، گیری بیلنس اور ایون مورگن نے ففٹیز اسکور کیں، کلنٹ میک کے نے3 وکٹیں لیں۔تفصیلات کے مطابق ایشز سیریز میں وائٹ واش شکست کے بعد بھی ناکامیوں نے انگلینڈ کا پیچھا نہیں چھوڑا جوکہ پہلے ون ڈے میں 6 وکٹ سے ہار گئی، اس طرح آسٹریلیا نے پانچ میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی، کینگروز کی اس کامیابی میں ایرون فنچ کی شاندار سنچری نے اہم کردار ادا کیا، وہ صرف 8 رنز پر تھے جب گیری بیلنس نے ان کا کیچ ڈراپ کیا جس کے بعد انھوں نے کوئی موقع دیے بغیر 128 بالز پر 121 رنز اسکور کیے۔

 photo 5_zps7b91cacb.jpg

انھوں نے ففٹی 47 بالز پر مکمل کی، دوسرے اوپنر ڈیوڈ وارنر کے ساتھ ان کی 163 رنزکی ابتدائی شراکت قائم ہوئی، اس موقع پر تنازع بھی سامنے آیا جب وارنر وکٹ کیپر جوز بٹلر کے ہاتھوں لو کیچ کو تسلیم کرتے ہوئے پویلین واپس لوٹنے لگے اس وقت وہ 22 رنز پر تھے مگر ٹی وی امپائر نے انھیں ناٹ آئوٹ قرار دے دیا، اس طرح انھیں بائونڈری سے واپس بلایا گیا بعد میں انھوں نے 65 رنز بنائے، آخر وہ پارٹ ٹائم اسپنر جوئے روٹ کی گیند پر بائونڈری کے قریب ایڈ اسٹوکس کے ہاتھوں کیچ ہوئے، کرس جورڈن نے شین واٹسن کو صفر پر آئوٹ کیا تاہم فنچ نے کپتان مائیکل کلارک 72 رنز کی شراکت کرکے میچ کو انگلینڈ کی پہنچ سے دور پہنچا دیا، فنچ 121 رنز پر اسٹوکس کی گیند پر بیلنس کا کیچ ثابت ہوئے جبکہ کلارک کو 43 رنز پر برینسن نے کک کی مدد سے قابو کیا، آسٹریلیا نے ہدف 45.4 بالز پر حاصل کرلیا۔اس سے پہلے انگلینڈ نے 7 وکٹ پر 269 رنز بنائے، بیلنس نے 79، مورگن نے 50 اور ای ین بیل نے 41 رنز بنائے، کلنٹ میک کے نے تین کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔