منڈی میں سبزیوں کی نیلامی صبح شروع کرنے کیلیے تیاریاں مکمل

نیلامی کے اوقات میں تبدیلی سے شہریوں کو سبزیاں سستی ملیں گی، سرکاری نرخ کا موثر اطلاق بھی ممکن ہوگا


Business Reporter January 14, 2014
رات12بجے نیلامی سے مخصوص تاجروں کی اجارہ داری قائم ہوچکی تھی، گراں فروشوں کا فیصلے کیخلاف پراپیگنڈہ شروع ۔ فوٹو : آن لائن / فائل

سبزی منڈی میں تازہ سبزیوں کی نیلامی نصف شب کے بجائے صبح سویرے شروع کرنے کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

دوسری جانب سبزی منڈی میں جعلی نیلامیوں کے ذریعے اجارہ داری قائم کرکے سبزیوں کی قیمت میں ہوشربا اضافہ کرنے والی مافیا نے کمشنر کراچی کی ہدایت پرسبزی منڈی میں سبزیوں کی نیلامی نصف شب کے بجائے صبح سویرے کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے اس فیصلے کے خلاف پراپیگنڈہ شروع کردیا،تفصیلات کے مطابق کمشنرکراچی شعیب احمد صدیقی کی ہدایت پر سبزی منڈ ی میں ہری سبزیوں کی نیلامی کے اوقات کار میں کی گئی تبدیلی پر عملدرآمد کیلیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور اس ضمن میں مارکیٹ کمیٹی کے ایڈمنسٹریٹر ، سیکریٹری مارکیٹ کمیٹی اور منڈی کے تاجروںسمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو سبزیوں کی نیلامی کے تبدیل شدہ اوقات سے مطلع کردیاگیا ہے۔

جس کے بعد15جنوری بروز بدھ سے سبزیوں کی نیلامی علی الصباح 4بجے ہو گی اس سے قبل ہری سبزیوں کی نیلامی رات 12بجے سے شروع ہو تی تھی جس میں بیوپاریوں کی بڑی تعداد شرکت سے محروم رہ جاتی تھی اور مخصوص تاجر رات12بجے ہونے والی نیلامی کا بھر پور فائدہ اٹھاتے تھے جس کی وجہ سے منڈی میں مخصوص تاجروں کی اجارہ داری قائم ہو چکی تھی اور ہری سبزیاں مہنگے داموں میں فروخت ہو رہی تھیں جس کا نقصان براہ راست شہریوں کو اٹھانا پڑ رہا تھا ۔



اس ضمن میں صارفین کی تنظیموں کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ سبزیوں کی نیلامی کے اوقات میں تبدیلی کو بعض عناصر منفی انداز میں پیش کررہے ہیں اور یہ ظاہر کر رہے ہیں کہ اس اقدام سے شہریوں کو پریشانی ہوگی جو سراسر غلط ہے بلکہ اس اقدام سے سبزیاں مزید سستی ہو گی اور منڈی میں مسابقت کی فضا قائم ہو گی،انھوں نے کہا کہ ممکن ہے کہ اوقات کی تبدیلی سے سبزیوںکی سپلائی میں غیر معمولی تاخیر ہو لیکن فائدہ بھی صارفین کو ہی ہو گا ۔

اگر مستقبل میں یہی سلسلہ برقرار رہا تو کچھ وقت کے بعد سب چیزیں معمول پر آجائیں گی اس ضمن میں صارفین کے تعاون کی ضرورت ہے کیونکہ یہ انہی کے مفاد میں ہے،کراچی ہول سیل فریش فروٹس مرچنٹ اینڈ کمیشن ایجنٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین زاہد اعوان نے کہا کہ ابھی نئے اوقات میں نیلامی ٹیسٹ کیس ہے اور اگر یہ سلسلہ کامیاب رہا تو اسے برقرار رکھا جائے گا،انھوں نے کہا کہ کمشنر کراچی کی ہدایت پر سبز یوں کی قیمتوں کو مناسب سطح پر رکھنے میں مدد ملے گی،سرکاری نرخ کا موثر اطلاق بھی ممکن ہو سکے گا ۔