عمران خان نے ٹوئنٹی20کو’’ہیم برگرکرکٹ‘‘قرار دیدیا

جلدختم ہوجاتی اورکوئی مزا ہی نہیں آتا،میچ ونربولرزنہیں مل سکتے،سابق کپتان


Sports Desk January 14, 2014
ٹی ٹوئنٹی میں آپ کو ہٹنگ اور اچھی فیلڈنگ تو دیکھنے کو مل سکتی ہے مگر میچ جتوانے والے بولرز نہیں مل پائینگے۔ فوٹو: فائل

سابق عظیم کرکٹر عمران خان نے ٹوئنٹی 20 کو ''ہیم برگرکرکٹ'' قرار دے دیا، ان کا کہنا ہے کہ ایک تو یہ جلد ختم ہوجاتی اور دوسرا اس کا کوئی مزا ہی نہیں ہوتا، اس فارمیٹ میں آپ ہٹنگ اور اچھی فیلڈنگ تو دیکھ سکتے ہیں مگر مچل جونسن جیسے میچ ونر بولرز نہیں مل سکتے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایک بھارتی اخبار سے بات چیت میں کیا۔ عمران خان نے طویل عرصے تک کرکٹ کھیلی مگر انھیں کھیل کا وہی فارمیٹ ہی پسند نہیں جس نے دنیا بھر کو اپنا گرویدہ بنایا ہوا ہے۔ سابق کپتان نے کہاکہ میں اس طرز کا میچ دیکھ ہی نہیں سکتا، میرے نزدیک ٹوئنٹی 20 ہیم برگر کرکٹ ہے جو جلد ختم ہوجاتی اور بے ذائقہ بھی ہوتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ منتظمین کو فارمیٹس کے درمیان توازن قائم کرنا چاہیے کیونکہ اگر ایسا نہیں ہوا تو پھر آپ مچل جونسن جیسے بولرز کہاں سے ڈھونڈیں گے؟ یقیناًاس فارمیٹ کے میچز باقاعدگی سے دیکھے جاتے ہیں مگر ماہرین کے لیے یہکافی مشکل کام ہوتا ہے، اس میں آپ کو ہٹنگ اور اچھی فیلڈنگ تو دیکھنے کو مل سکتی ہے مگر میچ جتوانے والے بولرز نہیں مل پائینگے۔



عمران خان سیاسی مصروفیات کے باوجود اپنے پسندیدہ کھیل کرکٹ کے لیے بھی وقت نکال ہی لیتے ہیں، حال ہی میں وہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان ایشز سیریز سے کافی لطف اندوز ہوئے، ان کا کہنا ہے کہ میرے بیٹے سلیمان عیسیٰ اور قاسم میرے پاس اسلام آباد آئے ہوئے تھے، میں نے ان کے ہمراہ کچھ ایشز ٹیسٹ دیکھے، مچل جونسن نے وہ فرق واضح کیا جو ایک اسٹرائیک بولر پیش کرسکتا ہے، مجھے اس کی بولنگ دیکھ کر ڈینس للی، جیف تھامسن، وسیم اکرم اور وقار یونس کا وقت یاد آگیا، اس وقت ان جیسے آپ کے پاس کتنے بولر ہیں؟ ٹی 20 واقعی کوئی مدد نہیں کررہی ہے،آسٹریلیا نے انگلینڈ میں 0-3 کی ناکامی کے بعد 5-0 سے فتح صرف انہی کی وجہ سے حاصل کی۔ سلیمان اور قاسم دونوں اپنی والدہ جمائما کے ساتھ انگلینڈ میں رہتے ہیں، اس سوال پر کہ انھیں انگلش ٹیم کی شکست پر افسوس تو ہوا ہوگا، عمران خان نے کہا کہ میرے دونوں بیٹے اچھی کرکٹ سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور آسٹریلیا واقعی کافی اچھا کھیلا۔

مقبول خبریں