پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ کے آر ایل نے واپڈا کے گرد شکنجہ کس دیا

نیر عباس اولین فرسٹ کلاس سنچری بنانے کے بعد چار وکٹیں بھی لے اڑے


Sports Desk January 16, 2014
نیر عباس اولین فرسٹ کلاس سنچری بنانے کے بعد چار وکٹیں بھی لے اڑے،پورٹ قاسم کے500 رنز کے جواب میں پی آئی اے 135 پر آدھی ٹیم گنوا بیٹھی۔ فوٹو: فائل

NOWSHERA: پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں کے آر ایل نے واپڈا کے گرد شکنجہ کس دیا، نیر عباس اولین فرسٹ کلاس سنچری بنانے کے بعد چار وکٹیں بھی لے اڑے۔

پورٹ قاسم کے500 رنز کے جواب میں پی آئی اے 135 پر آدھی ٹیم گنوا بیٹھی،اسٹیٹ بینک پر یوبی ایل کو مجموعی طور پر 194رنز کی سبقت مل گئی،نیشنل بینک کیخلاف پی ٹی وی کی ٹیم جدوجہد میں مصروف ہے،حبیب بینک نے زیڈ ٹی بی ایل کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ایک وکٹ پر249رنز جوڑ لیے۔تفصیلات کے مطابق10ویں رائونڈ مقابلوں کے دوسرے دن کے آر ایل کے 376 رنز پر واپڈا نے124 پر5 وکٹیں کھودیں، علی رفیق29 اور رفعت اللہ مہمند24رنز بناکر پویلین واپس ہوئے ، ایاز تصور21 اور احمد سید17رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، نیر عباس نے 4 وکٹیں لیں، اس سے قبل خان ریسرچ لیبارٹریز کیلیے محمد یاسین نے 118 اور نیرعباس نے 101رنز اسکور کیے، یہ ان کی پہلی فرسٹ کلاس سنچری ہے، اس سے قبل ان کی بہترین کاوش 93رنز ناٹ آئوٹ تھی، علی ندیم 69 ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہے۔

 photo 8_zps0185f48b.jpg

پورٹ قاسم کے500 رنز کے جواب میں پی آئی اے 135 پر آدھی ٹیم گنوا بیٹھی، فیصل اقبال18 اور شہریارغنی15رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں، ان سے قبل شعیب خان 44، رافع صفدر22 اور شہزر محمد 19رنز بناکرپویلین واپس ہوئے، اعظم حسین نے 2 وکٹیں لیں، پورٹ قاسم کیلیے تنویراحمد 118، محمد وقاص91 ، خالد لطیف85 اور شاہ زیب حسن 71رنز بنانے میں کامیاب رہے،طاہر خان نے 137رنز دیکر7 وکٹیں لیں۔اسٹیٹ بینک پر یوبی ایل کو مجموعی طور پر 194رنز کی سبقت مل گئی، ٹیم نے دوسری باری میں 5 وکٹ پر 192رنز بنالیے، عابد علی73 اور سعید بن ناصر55رنز بناکر نمایاں رہے، نوید نے تین پلیئرز کو قابو کیا، اس سے قبل یوبی ایل پہلی باری میں 147 رنز بناکر آئوٹ ہوئی، نوید نے 6 وکٹیں لیں، جواب میں اسٹیٹ بینک کی ٹیم145 تک محدود ہوگئی، عاطف مقبول نے 5پلیئرز کو آئوٹ کیا۔

نیشنل بینک کیخلاف پی ٹی وی کی ٹیم جدوجہد میں مصروف ہے، 272رنز کے خسارے میں جانے کے بعد اس نے ایک وکٹ پر 96رنز جوڑ لیے، اننگز کی خفت ٹالنے کیلیے انھیں ابھی مزید 176رنز درکار ہوں گے، نواز احمد 47 اور فہد الحق30رنز پر ناٹ آئوٹ ہیں، قبل ازیں پی ٹی وی کے پہلی اننگز میں 125 پر ڈھیر ہونے کے بعد نیشنل بینک نے 7 وکٹ 397 پر اننگز ڈیکلیئرڈ کی، محمد نواز170رنز بنانے میں کامیاب رہے، فواد عالم 78 اور وہاب ریاض نے51 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، نیشنل بینک کیلیے وہاب اور عطا اللہ نے پہلی اننگزمیں چار ، چار شکار کیے۔حبیب بینک نے زیڈ ٹی بی ایل کو بھرپور جواب دیتے ہوئے ایک وکٹ پر249رنز جوڑ لیے، جمال انور 123 رنز کے ساتھ وکٹ پر ڈٹے ہوئے ہیں جبکہ بلا ل شفایت 95 کی اننگز کھیل کر میدان بدر ہوئے، آفتاب عالم25 پر ناٹ آئوٹ ہیں، اس سے قبل زرعی ترقیاتی بینک کی ٹیم 359رنز بناکر آئوٹ ہوگئی، اوپنر شرجیل خان نے 158 کی اننگز کھیلی، حسیب الرحمان 54 اور عبدالرزاق 53 ناٹ آئوٹ بناکر نمایاں رہے، عمر گل اور محمد اسلم نے 3،3 جبکہ احسان عادل نے 2 وکٹیں اپنے نام کیں۔