ذکا اشرف کی بحالی چھوٹے پی سی بی ملازمین کے دل بڑے ہوگئے

چیئرمین کی جانب سے عام معافی کا اعلان ہونے کے باوجود چند اعلیٰ عہدیدار فکرمند


Sports Reporter/Abbas Raza January 17, 2014
چیئرمین کی جانب سے عام معافی کا اعلان ہونے کے باوجود چند اعلیٰ عہدیدار فکرمند۔ فوٹو: فائل

ذکااشرف کی بحالی سے پی سی بی کے چھوٹے ملازمین کے دل بڑے ہوگئے، غیر یقینی صورتحال ختم ہونے کی امیدیں پیدا ہوگئیں۔

دوسری طرف عام معافی کا اعلان ہونے کے باوجود چند اعلیٰ عہدیدار فکرمندی میں مبتلا ہیں۔تفصیلات کے مطابق نجم سیٹھی کی زیرسربراہی کام کرنیوالے پاکستان کرکٹ بورڈ کے عبوری سیٹ اپ نے اخراجات میں کمی کیلیے 33 چھوٹے ملازمین کی قربانی پیش کردی تھی،اس سے گرائونڈ مین،خاکروب، مزدور اوراسی نوعیت کے دیگر شعبوں میں کام کرنیوالے کئی افراد کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہوگئے،2سے7 سال تک بورڈ میں خدمات انجام دینے والوں کو نئے کنٹریکٹ نہ دیے جانے پر اس درجے کے باقی ملازمین میں بھی تشویش کی لہر پائی جاتی تھی، عدالتی فیصلے کی روشنی میں بحالی کے بعد ذکا اشرف گذشتہ روز پی سی بی کے ہیڈ کوارٹرز قذافی اسٹیڈیم پہنچے تو چھوٹے ملازمین کے چہرے خوشی سے دمکتے نظر آئے،ان میں سے بیشتر پُر امید تھے کہ مستقبل اورتنخواہوں کے حوالے سے بہتر فیصلے ضرور ہونگے۔

 photo 3_zps8b77da80.jpg

دوسری طرف اعلیٰ عہدیداروں کی لمبی قطار ذکا اشرف کے انتظار میں کھڑی نظر آئی،چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد، ڈائریکٹر کرکٹ آپریشنز انتخاب عالم، ڈائریکٹر ڈومیسٹک ذاکر خان، ڈائریکٹر ایڈمن اور ایچ آر بریگیڈیئر ساجد سمیت پی سی بی کے اہم عہدیدار گیٹ کے قریب موجود تھے، عبوری کمیٹی کے ارکان میں شامل ہیڈ یوتھ ڈیولپمنٹ ہارون رشید نے نہ آنے میں ہی عافیت جانی، ابتدا میں ذکا اشرف اور ان کو کالعدم قرار دیے جانے کے بعد عبوری چیئرمین نجم سیٹھی کی بقا کیلیے عدالتی جنگ لڑنے والے بورڈ کے قانونی مشیر تفضل رضوی بھی اس موقع پر کہیں نظر نہیں آئے،ڈائریکٹر جنرل جاوید میانداد کی غیر موجودگی بھی محسوس کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چند عہدیداروں کو از سر نو اپنی وفاداری ثابت کرنے کیلیے خاصی محنت کرنا پڑیگی،اس وقت قومی ٹیم کیساتھ موجود منیجر معین خان کا مستقبل بھی غیر یقینی ہوچکا،سابق کپتان کو عدالت نے بطور چیف سلیکٹر کام کرنے سے روک دیا تھا جسکے بعد نجم سیٹھی نے انھیں متبادل ذمہ داری سونپ دی تھی۔