آگ برساتے سورج نے پلیئرز کی چیخیں نکال دیں

ووزینسکی نے خاصی تگ و دو کے بعد ناکامی سے دامن چھڑایا، آذرنیکا تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں،نڈال اور فیڈرربھی کامیاب


AFP January 17, 2014
آسٹریلین اوپن میں حصہ لینے والے پلیئرزمیلبورن کی گرمی سے بے حال،ماریا شراپووا،کامیلا جورجی، ثانیہ مرزا، ٹیمی پیٹرسن، ایلزے کورنیٹ اور کائی نشکوری خود کو برف کی مدد سے ٹھنڈا رکھنے کیلیے کوشاں، بائیں جانب جیرزی جینووک واٹر فین کے پاس کھڑے موسم کی شدت سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ فوٹو: فائل

لاہور: آسٹریلین اوپن کے دوران آگ برساتے سورج نے پلیئرز کی چیخیں نکال دیں، منتظمین کو ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد کرتے ہوئے 4 گھنٹوں تک کھیل معطل رکھنا پڑا۔

روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپووا بڑی مشکل سے شکست کو ٹال پائیں،کیرن کنیپ کو قابو کرنے میں وہ پسینے سے شرابور ہوگئیں، آخری سیٹ میں دونوں کے درمیان 2 گھنٹوں تک مقابلہ ہوا، کیرولین ووزینسکی نے بھی خاصی جدوجہد کے بعد ناکامی سے دامن چھڑایا، دفاعی چیمپئن وکٹوریہ آذرنیکا تیسرے رائونڈ میں پہنچ گئی، نڈال اور فیڈرر نے بھی سال کے پہلے گرینڈ سلم تک فاصلہ مزید کم کرلیا۔

 photo Pic1_zps2e222dbf.jpg

تفصیلات کے مطابق میلبورن میں سخت گرمی آسٹریلین اوپن میں شریک ٹینس پلیئرز کیلیے سوہان روح بنی ہوئی ہے،گذشتہ روز درجہ حرارت 43 سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کرگیا جس کی وجہ سے مجبوراً منتظمین کو اپنی ایمرجنسی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے مقابلے چار گھنٹوں کیلیے روکنے پڑے، مقامی وقت کے مطابق 6 بجے دوبارہ کھیل شروع ہوا تو صرف 2گھنٹے بعد ہی بجلی چمکنے اور بوندا باندی کی وجہ سے پھر کھلاڑیوں کو کورٹ سے ہٹا دیا گیا، صرف 2 مرکزی کورٹس میں چھت بند کرکے مقابلے جاری رکھے گئے۔

 photo 5_zps87250905.jpg

سخت گرمی اور کھیل میں باربار تعطل کی وجہ سے پلیئرز بھی تلملا اٹھے، خاص طور پر روسی اسٹار شراپووا تو کافی بھڑکیں، جب کھیل روکا گیا تو وہ اطالوی حریف کیرن کنیپ پر تیسرے سیٹ میں بہتر پوزیشن میں تھیں، دوبارہ شروع ہونے پر تیسرا سیٹ 2گھنٹے تک جاری رہاجس میں بڑی مشکل سے شراپووا نے کیرن کو قابو کیا، انھوں نے 6-3، 4-6 اور10-8 سے کامیابی حاصل کی، وہ اب تیسرے رائونڈ میں فرانس کی الیزے کورنیٹ سے ٹکرائینگی جو دوسرے رائونڈ میں اٹلی کی کامیلا جورجی پر فتح کے بعد رو پڑی تھیں۔ سال کا آغاز گالفر میکلروئے سے منگنی کرنے والی ووزینسکی کو بھی امریکی ان سیڈڈ پلیئر کرسٹینا پر کامیابی حاصل کرنے میں دانتوں تلے پسینہ آگیا، 6-0، 1-6 اور 6-2 سے فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

 photo Pic_zps1d25c677.jpg

گذشتہ3برس سے آسٹریلین اوپن کے کوارٹر فائنلز کھیلنے والے 5 سیڈ اگنیسکا ریڈوانسکا نے بیلاروس کی اولگا گوورٹسوا کو مات دی، اب ان کا مقابلہ روس کی اناستاسیا پاولیچنکووا سے ہوگا، انھوں نے دوسرے رائونڈ میں لکسمبرگ کی مینڈی منیلا کو مات دی۔ دفاعی چیمپئن وکٹوریہ آذرنیکا نے جمہوریہ چیک کی باربورا اسٹریکووا کو پچھاڑا۔ امریکا کی سلونی اسٹیفنز اور قازقستان کی زرینہ دیاس بھی تیسرے رائونڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔ مینز سنگلز میں راجر فیڈرر نے سلواکیہ کے بلاز کاوکک کو زیر کیا، رافیل نڈال نے میزبان ملک کی امیدوں کے 17 سالہ چراغ تھناسی کوکناکس کو اسٹریٹ سیٹس زیر کرکے ایونٹ سے باہر کیا، امریکا کے ان سیڈڈ ڈونلڈ ینگ نے اٹلی کے آندریس سیپی کی کہانی ختم کی، نیشکوری، جو ولفریڈ سونگا،اسٹیفن روبر، گیل مونفیلز اور گریگور ڈیمٹروف نے بھی تیسرا رائونڈ کھیلنے کا اعزاز حاصل کرلیا۔