جعلی دستاویزات پر اسمگل شدہ لگژری گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف

وفاقی ٹیکس محتسب کا نوٹس، FBR نے 5 سال میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی چھان بین شروع کر دی۔


Irshad Ansari May 28, 2021
جعلسازی پر گاڑی مالک پر مقدمہ، کسٹمز، ایکسائز کے ملوث حکام کیخلاف کارروائی ہو گی فوٹو: فائل

ملک میں کسٹمز حکام اور ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حکام کی ملی بھگت سے جعلی دستاویزات و کاغذات کی بنیاد پر بڑی تعداد میں اسمگل شدہ اور نان ڈیوٹی پیڈ لینڈ کروزرز، بی ایم ڈبلیو،مرسڈیز سمیت لگژری گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

وفاقی ٹیکس محتسب کے احکامات پر ایف بی آر نے تحقیقات شروع کردی ،ذرائع کے مطابق ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ان شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے ایف بی آر کو معاملے کی تفصیلی چھان بین کرکے31جولائی2021تک رپورٹ جمع کرانے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی ٹیکس محتسب کی ہدایات پر ایف بی آر نے ملک بھر کے ایکسائز ڈپارٹمنٹس سے رجسٹرڈ ہونیوالی لگژری گاڑیوں کا ڈیٹا طلب کیا ہے مگر ایکسائز ڈپارٹمنٹ نے ڈیٹا دینے سے انکار کردیا ہے جس پر وفاقی ٹیکس محتسب نے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کو فیڈرل بورڈ آف ریونیو سے تعاون کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اس بارے میں ایف بی آر حکام سے رابطہ کیا گیا تو انھوں نے بتایا کہ وفاقی ٹیکس محتسب آفس کی مداخلت پر ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے رجسٹرڈ ہونیوالی گاڑیوں کا ڈیٹا فراہم کرنا شروع کردیا ہے، پچھلے5سال کے دوران رجسٹرڈ کی جانے والی گاڑیوں کے کوائف کی ایف بی آر کے پاس ڈیٹا بینک میں موجود ڈیٹا سے کراس میچنگ کی جائے گی اور جن گاڑیوں کا ریکارڈ ایف بی آر کے ڈیٹا سے میچ کرے گا انہیں کلیئر کردیا جائے گا جن کے کاغذات جعلی پائے جائیں گے ان کے خلاف جعلسازی ساتھ ساتھ ٹیکس چوری کے مقدمات بھی درج ہوں گے۔

مقبول خبریں