پاکستان اور سری لنکا باہمی تجارت بڑھانے کیلیے مل کر کام کریں صدر ممنون

2015 تک دوطرفہ تجارت 1.5 ارب ڈالر تک بڑھانے کیلیے دونوں ممالک کوکوشش کرنی چاہیے،صدر مملکت


APP January 19, 2014
پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، سری لنکن وزیر آبپاشی و واٹر ریسورسز مینجمنٹ کی ملاقات ۔ فوٹو: فائل

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین 2015 تک دوطرفہ تجارت کے حجم کو 1.5ارب ڈالر تک بڑھانے کیلیے دونوں ممالک کو کام کرنا ہو گا۔

دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلیے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادے کے حوالے سے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے، پاکستان سری لنکا کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں سری لنکا کے وزیر آبپاشی و واٹر ریسورسز مینجمنٹ نمل سری پالا ڈسلوا سے ملاقات کے دوران کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کئی شعبوں بالخصوص اقتصادی شعبوں میں تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جن سے بھرپور استفادہ کی ضرورت ہے، دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کیلیے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادے کے حوالے سے بھرپور کوششوں کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے دوطرفہ تجارتی حجم کو بڑھاتے ہوئے آزادانہ تجارت کے معاہدے کو مزید دوستانہ اور بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس ضمن میں تجارتی وفود کے تبادلے اور تاجر و صنعت کار برادری کے مابین رابطوں کے فروغ سے ان کوششوں کو مزید تقویت دی جا سکتی ہے۔ ملاقات میں پاکستان اور سری لنکا کے مابین دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور مختلف شعبوں میں تعلقات اور تعاون کو مزید فروغ دینے پر بات چیت کی گئی۔

 photo 2_zpsd8ddeb69.jpg

صدر مملکت نے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان قائم تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور دوطرفہ تعلقات و تعاون کو مزید فروغ دینے کیلیے بھرپور سیاسی عزم پایا جاتا ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور سری لنکا کے صدر مہندا راجا پاکسے کے مابین نیویارک میں گزشتہ ستمبر کو ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ اس طرح کے اعلی سطحی رابطوں سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ علاوہ ازیں دونوں ممالک کے عوام کے فائدے کیلیے مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہو گا۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون اور پاکستان کی جانب سے سری لنکا کو مختلف چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے حوالے سے تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔ صدر مملکت نے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف سری لنکا کی حکومت اور عوام کی بہادری اور جدوجہد کو سراہا۔ صدر مملکت نے سری لنکا کے وزیر کو یقین دہانی کرائی کہ پاکستان بین الاقوامی فورمز پر سری لنکا کو بھرپور تعاون فراہم کرے گا۔ سری لنکا کے وزیر نے سری لنکا کے ساتھ تعاون پر صدر مملکت اور پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا کی حکومت اور عوام پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور تعلقات کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔