ایف پی سی سی آئی کی ایکسپریس نیوز کے کارکنوں کے قتل کی مذمت

اگر پہلے دو حملوں کے ملزمان پکڑے جاتے تو یہ واقعہ رونما نہیں ہو سکتا تھا، قائم مقام صدر


APP January 19, 2014
کراچی میں جاری آپریشن سوالیہ نشان بن گیا، گلزارفیروز، شاہین سروانہ، محمد علی ودیگر۔ فوٹو: فائل

وفاق ایوانہائے صنعت و تجارت (ایف پی سی سی آئی) نے کراچی میں میڈیا ملازمین پر جان لیوا حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے مرحومین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اورصحافی برادری سے بھر پور اظہار یکجہتی کیا ہے۔

وفاقی چیمبر کے قائم مقام صدر ظفر جلیل خان مستی خیل، نائب صدور گلزار فیروز، شاہین الیاس سروانہ ، محمد علی اور دیگر نے یہاں جاری شدہ ایک بیان میں کہا کہ حکومت صحافت سے وابستہ افراد کی سیکیورٹی، مرحومین کے اہل خانہ کی مالی امداد اور مجرموں کی گرفتاری یقینی بنائے ورنہ کراچی میں جاری آپریشن کے متعلق سوالات کھڑے ہو جائیں گے۔

 photo 4_zps4d704645.jpg

انھوں نے کہا کہ صحافیوں پر بزدلانہ حملوں کا رجحان بڑھ رہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان صحافت سے وابستہ افراد کے لیے دنیا کے پانچ خطرناک ترین ممالک میں شامل ہو گیا ہے جو ناقابل قبول ہے۔کاروباری برادری ایکسپریس نیوز کے تین ملازمین کے بہیمانہ قتل کی بھرپور مذمت کرتی ہے اور ملک بھر خصوصاً کراچی میں سیکیورٹی اقدامات بڑھانے کا مطالبہ کرتی ہے تاکہ لوگ موجودہ آپریشن کو ایک اور لاحاصل کوشش نہ سمجھیں۔ اگر ایکسپریس نیوز پر پہلے دو حملوں کے ملزمان پکڑے جاتے تو یہ واقعہ رونما نہیں ہو سکتا تھا۔