پی ایس ایل6؛ ٹیموں کی امیدوں پر ’’اوس‘‘ پڑنے کا خدشہ

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 6 جون 2021
دوسرے میچ میں گیند پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہوگا،

دوسرے میچ میں گیند پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہوگا،

لاہور: پی ایس ایل 6کے باقی میچز میں ٹیموں کی امیدوں پر ’’اوس‘‘ پڑنے کا خدشہ ہے جب کہ ڈبل ہیڈر کے دن دوسرے میچ میں گیند پر قابو پانے میں مشکلات کا سامنا ہوگا۔

مختلف رکاوٹوں کو عبور کرتے ہوئے بالاخر پی ایس ایل6 کے باقی میچز کے انعقاد کا حتمی فیصلہ ہوچکا،بدھ کو مقابلوں کا آغاز ہوجائے گا، پاکستان میں قرنطینہ شروع ہونے سے شیڈول جاری ہونے تک غیر یقینی صورتحال کے دوران ذہنی کرب میں مبتلا رہنے والے کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کی پوری توجہ اب کرکٹ پر مرکوز ہوگئی ہے۔

ابوظبی کے مختلف ہوٹلز کے ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں آئسولیشن کا وقت گزارنے والے کھلاڑی صرف بالکونیوں میں ہلکی پھلکی وزرشوں سے باہر کے ماحول سے ہم آہنگی اور لہو گرم رکھنے کی کوشش کرتے رہے،میدانوں کا رخ کرنے کے بعد اب انھیں نئے چیلنج کا سامنا ہے، ایک طرف عرب صحراؤں کی جھلسا دینے والی دھوپ میں خود کو تازہ دم رکھنے کا چیلنج درپیش ہوگا۔

دوسری جانب رات کو حبس کا سامنا بھی کرنا پڑے گا،عام طور پر یہ موسم یواے ای میں کرکٹ کیلیے سازگار خیال نہیں کیا جاتا،اس دوران میچز شیڈول کرنے کی روایت نہیں مگر کورونا کے سبب پیدا شدہ صورتحال میں پاکستان اور بھارت دونوں کو اپنی لیگز مکمل کرنے کیلیے امارات میں ہی محفوظ پناہ گاہ نظر آئی ہے،پہلی باری پی ایس ایل کی ہے،ابوظبی میں دن بھر کی دھوپ کے بعد رات کو اوس پڑنے لگتی ہے۔

چند کرکٹرزنے بتایا کہ گیند پر قابو پانے میں مشکل پیش آرہی ہے،ڈبل ہیڈرز کے دن مقامی وقت کے مطابق 10بجے شروع ہونے والے دوسرے میچ میں اوس کی وجہ سے زیادہ مسائل ہوں گے، رات کو حبس میں بھی اضافہ ہونے کی وجہ سے پسینہ زیادہ آنے سے جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے کیلیے خصوصی تدابیر اپنانا ہوں گی،اس پہلو کو نظر انداز کیا تو کریمپس پڑنے کا خدشہ ہوگا،گرمی کا مقابلہ کرنے کیلیے دیگر ٹیموں کی بانسبت لاہور قلندرزکی تیاری زیادہ بہتر نظر آتی ہے۔

کھلاڑیوں کو آئس کٹ پہنے دیکھا گیا ہے، فاسٹ بولرز خاص طور پر اپنی فٹنس کا بہت زیادہ خیال رکھ رہے ہیں، دوسری طرف سخت موسم میں مضبوط حریفوں کا سامنا کرنے کیلیے ٹیموں کی تیاریاں جاری ہیں، شیخ زید اسٹیڈیم میں وارم اپ میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹ سے ہرا دیا۔

ناکام ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 198رنز بنائے، صہیب مقصود نے بھرپور فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے 88کی اننگز کھیلی، شان مسعود نے 37 رنز بنائے، عمید آصف نے 3 وکٹیں حاصل کیں، پشاور زلمی نے ہدف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا، شعیب ملک 59 حیدر علی 46اور ڈیوڈ ملر 45رنز بناکر نمایاں رہے۔

ادھر اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس سیشن کیا، حسن علی ردھم میں نظر آئے،پیسر ساتھی نوجوان بولرز کی رہنمائی بھی کرتے رہے،فارم کی بحالی کیلیے کوشاں آصف علی نے بھی نیٹ میں طویل سیشن کیا، فہیم اشرف نے بیٹ اور بال دونوں سے اپنی صلاحیتیں نکھارنے کا سلسلہ جاری رکھا۔

کراچی کنگز نے بھی اسٹیڈیم کا رخ کرتے ہوئے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس جاری رکھی،بابر اعظم اور شرجیل خان اچھی فارم میں نظر آئے، محمد عامر نے بھی پچ کے باؤنس کے مطابق اپنی لائن اور لینتھ سیٹ کرلی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔