پی ایس ایل سکس کے بقیہ میچز کے لیے آفیشلز کا اعلان

اسپورٹس رپورٹر  اتوار 6 جون 2021
یہ 20 میچز 9 سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے (فوٹو : فائل)

یہ 20 میچز 9 سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائیں گے (فوٹو : فائل)

 لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سکس کے بقیہ 20 میچز کے لیے آفیشلز کا اعلان کردیا گیا، علیم ڈار اور احسن رضا فائنل میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 کے ابوظہبی میں شیڈول بقیہ 20 میچز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا۔ یہ میچز 9 سے 24 جون تک شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

ان میچز کے دوران پاکستان کے سب سے سینئرامپائر اور آئی سی سی ایلیٹ پینل کے رکن علیم ڈار کے علاوہ پی سی بی ایلیٹ پینل میں شامل 6 دیگر امپائرز بھی امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

ان 6 امپائرز میں احسن رضا، آصف یعقوب(پی سی بی امپائر برائے 2020)، فیصل خان آفریدی، راشد ریاض، شوزب رضا اور ضمیر حیدر شامل ہیں۔

پی سی بی کےایلیٹ پینل برائے ریفری میں شامل محمد انیس ، علی نقوی، افتخار احمد اور محمد جاویدابوظہبی میں کھیلے جانے والے میچز کے دوران پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی قیادت کریں گے۔

شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کا مجموعی طور پر 15واں میچ 9 جون کو لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائے گا ۔
اس میچ میں علیم ڈار اور راشد ریاض آن فیلڈ امپائرز کی ذمہ داریاں ادا کریں گےجبکہ شوزب رضا تھرڈ امپائر اور فیصل آفریدی فورتھ امپائرہوں گے۔ محمد انیس اس میچ میں ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔

24 جون کو ایونٹ کے فائنل میں علیم ڈاراوراحسن رضا آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔ آصف یعقوب تھرڈ امپائر جبکہ راشد ریاض فورتھ امپائر ہوں گے۔اس میچ میں بھی محمد انیس پلیئنگ کنٹرول ٹیم کی سربراہی کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔