اسلام آباد یونائیٹڈ کی مہم کوبڑا دھچکا لگ گیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 11 جون 2021
فہیم اشرف ہاتھ پر5ٹانکے لگنے کے بعدکم ازکم 3میچز نہیں کھیل پائیں گے۔

فہیم اشرف ہاتھ پر5ٹانکے لگنے کے بعدکم ازکم 3میچز نہیں کھیل پائیں گے۔

 لاہور:  اسلام آباد یونائیٹڈ کی مہم کوبڑا دھچکا لگ گیا،آل راؤنڈر فہیم اشرف ہاتھ پر 5ٹانکے لگنے کے بعدکم ازکم 3میچز نہیں کھیل پائیں گے۔

لاہور قلندرز سے میچ کے ابتدائی2اوورز میں فہیم اشرف نے فخرزمان کی قیمتی وکٹ حاصل کی،مگر پھر حسن علی کی بولنگ کے دوران شارٹ فائن لیگ پوزیشن پر فیلڈنگ کرتے ہوئے بائیں ہاتھ پر شہادت کی انگلی اور انگوٹھے کے درمیان کی جگہ پھٹ گئی، ان کو فوری طور پر طبی امداد کیلیے باہر لے جایا گیا۔

ڈاکٹرز نے اینٹی بائیوٹک اور درد کش دوا دی، ہاتھ پر 5ٹانکے لگانے پڑے، بعد ازاں ڈاکٹرز نے انھیں فوری طور پر بولنگ کی اجازت نہیں دی، بیشتر وقت آل راؤنڈر میدان سے باہر رہے۔

بالآخر قواعد و ضوابط کے مطابق امپائرز کی اجازت ملنے پر انھوں نے اننگز کا 14واں اور 17واں اوور کرایا، مجموعی طور پر 4اوورز میں فہیم اشرف نے 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی، اس سے قبل بیٹنگ کرتے ہوئے بھی انھوں نے اپنی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ 27رنز بنائے تھے۔

فہیم اشرف چند روز آرام کریں گے،وہ کم از کم اگلے 3میچز کیلیے اسلام آباد یونائیٹڈ کو دستیاب نہیں ہوں گے، ان کا خلا پْر کرنے کیلیے عاکف جاوید اور محمد موسٰی میں سے کسی ایک کو موقع دیا جائیگا۔

ٹیم ذرائع کے مطابق تھوڑا انتظار کرنے کے بعد فہیم کی انجری کو دیکھتے ہوئے انھیں میدان میں اتارنے کا فیصلہ کیا جائے گا، پی ایس ایل کے فوری بعد قومی ٹیم کو انگلینڈ روانہ ہونا ہے، اس لیے آل راؤنڈر کی فٹنس پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔