وزیراعظم کا دورہ سوئٹزر لینڈ منسوخ صحافیوں فوجیوں کے ساتھ حالیہ واقعات کے باعث فیصلہ کیا پرویز رشید

دورہ سوئٹزرلینڈ ،ملکی ترقی کیلیے انتہائی اہم تھا لیکن پاکستانیوں کی زندگی اور پاکستان کا محفوظ بننا زیادہ اہم ہے، رشید


دورہ سوئٹزرلینڈ ،ملکی ترقی کیلیے انتہائی اہم تھا لیکن پاکستانیوں کی زندگی اور پاکستان کا محفوظ بننا زیادہ اہم ہے،وزیراطلاعات کی ایکسپریس نیوز سے گفتگو۔ فوٹو: فائل

وزیراعظم نواز شریف نے ملک میں دہشتگردی کے بڑھتے واقعات اور سانحہ بنوں کی وجہ سے اپنا دورہ سوئٹزر لینڈ منسوخ کردیا ہے۔

وزیراعظم کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ شہریوں اور قانونی نافذ کرنے والے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیراعظم نے اپنے بیان میں بنوں میں دہشتگردوں کے حملے کی پُرزور مذمت کی ہے۔نواز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے حملے حکومت کی امن کوششوں کو سبوتاژنہیں کرسکتے۔ وزیراعظم نے ورلڈ اکنامک فورم میں شرکت کیلئے کل (منگل) سوئٹزر لینڈ کے شہر ڈیووس جانا تھا تاہم بنوں میں فوجی قافلے پر حملے میں ہونے والی شہادتوں کے بعد وزیراعظم نے اپنا دورہ منسوخ کرتے ہوئے ملک میں رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔علاوہ ازیںوفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نوازشریف نے پاکستانیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر سوئٹزر لینڈ کا دورہ منسوخ کیا۔ انہوں نے کہا وزیراعظم کا دورہ سوئٹزرلینڈ پاکستان کو ترقی دینے اور معیشت کیلئے انتہائی اہم تھا۔

 photo 3_zps9d3a8829.jpg

شاید یہ ہمیں اپنی اقتصادی زندگی کو بہتر کرنے کیلئے آکسیجن مہیا کرتا۔ لیکن ہمارے لئے پاکستانیوں کی زندگی، پاکستان کا محفوظ بننا زیادہ اہم ہے۔جو المناک واقعات پچھلے دو تین دن سے ہوتے جا رہے ہیں جن میں صحافیوں کے ساتھ بھی المیہ گزرا اور آج (اتوار) ہماری مسلح افواج کے ساتھ بنوں کا المیہ ہمارے سامنے آیا تو اس صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم نے دورہ منسوخ کر دیا تاکہ وہ اپنے پاکستانیوں، مسلح افواج اور سول فورسز کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر ملک میں رہیں۔ قبل ازیں بنوں دھماکے کے بعد نواز شریف لاہور میں قیام مختصر کرکے اسلام آباد چلے گئے ۔وزیراعظم کی زیر صدارت وزیراعظم ہائوس لاہورمیں میٹرو بس پراجیکٹ راولپنڈی، اسلام آباد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ شہباز شریف سمیت متعلقہ اداروں کے افسر موجود تھے۔ متعلقہ اداروں کے سربراہوں نے وزیراعظم نواز شریف کو میٹرو بس منصوبے پر بریفنگ دی۔