پاکستان سے تجارت بڑھانے کی کوشش ہےسری لنکن قونصلرجنرل

دونوں ملکوں میں تجارت 43.8کروڑڈالرتک پہنچ چکی،جوائنٹ وینچرزمیں بھی اضافہ کرینگے


Business Reporter January 21, 2014
پاکستانی سرمایہ کار سری لنکا میں پرکشش مواقع سے فائدہ اٹھائیں، صحافیوں سے ملاقات

کراچی میں تعینات سری لنکا کے قونصل جنرل ایچ ایم بی ہیراتھ نے کہا ہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان باہمی تجارت کے حجم میں بتدریج اضافے کا رحجان غالب ہے، یہی وجہ ہے کہ گزشتہ سال کی نسبت دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارت کی مالیت13 فیصد کے اضافے سے43 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی ہے۔

یہ بات انہوں نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایچ ایم بی ہیراتھ کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی خواہش ہے کہ جنوبی ایشیا کے خطے میں پاکستان کے خوشگوار تجارتی تعلقات میں اضافہ ہوتاکہ پاکستان کی معیشت متعدد چینلنجز کے باوجود تیز رفتاری کے ساتھ افزائش کرے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی تعیناتی کے دوران پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کاروبار میں شراکت داری اور تجارت و سرمایہ کاری میں مزید اضافے کی کوششیں کریں گے۔



انہوں نے بتایا کہ سری لنکا کو پاکستان سے 36 کروڑ10 لاکھ ڈالر جبکہ پاکستان کیلیے سری لنکا سے 7 کروڑ70 لاکھ ڈالر مالیت کی مصنوعات برآمد ہوئی ہیں، سری لنکا سے مصالحہ جات بالخصوص سیاہ مرچ، کاغذ، ناریل ، دال اور ربڑکے کنسائنمنٹس کی برآمدات ہورہی ہیں جبکہ پاکستان سے سیمنٹ، چینی، کپاس اور باسمتی چاول سری لنکا کے لیے برآمدکیا گیا ہے۔ سری لنکن قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ کولمبو سرمایہ کاری کا دنیا میں سب سے زیادہ پرکشش مقام ہے لہٰذا سری لنکا میں سرمایہ کاری کے لیے پاکستانی تاجروں اور سرمایہ کاروں کو باقاعدہ دعوت دی جاتی ہے کیونکہ ایشیا کے اس حصے میں زراعت، ٹیکسٹائل اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پرکشش سرمایہ کاری کے وسیع مواقع دستیاب ہیں۔