تربت سے 18میتیں کراچی پہنچ گئیںایدھی صدمے سے بیہوش

ایدھی سینٹر کے باہرنماز جنازہ،سماجی کارکن کی حالت غیر ہونے پراسپتال منتقل کیا گیا


ایکسپریس July 09, 2012
ایدھی سینٹر کے باہرنماز جنازہ،سماجی کارکن کی حالت غیر ہونے پراسپتال منتقل کیا گیا فوٹو ایکسپریس

سانحہ تربت میں جاں بحق ہونے والے 18افراد کی میتیں اتوار کو کراچی پہنچ گئیں، ایدھی سینٹر کے باہر ان کی نماز جنازہ پڑھائی گئی، اس موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سماجی کارکن عبدالستار ایدھی نے کہا کہ جاں بحق ہونے والے کسی شخص کے لواحقین نے ان سے رابطہ نہیں کیا، نماز جنازہ پڑھا دی گئی ہے،

اب ان کی تدفین کی جائے گی، میڈیا سے بات چیت کے دوران ہی عبدالستار ایدھی کی حالت غیر ہوگئی جس پر ان کو فوراً قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، ایدھی ذرائع کے مطابق گرمی کی وجہ سے عبدالستار ایدھی کی طبیعت خراب ہوگئی اور ان کو چکر آگئے، اب ان کی طبیعت بہتر ہے اور ان کو گھر منتقل کردیا گیا ہے،

دریں اثنا وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے ہدایت کی ہے کہ عبدالستار ایدھی کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں اور ان کی طبیعت سے متعلق مسلسل آگاہ کیا جائے، علاوہ ازیں عبدالستار ایدھی نے کہا ہے کہ انسانیت کے قتل پر مجھے صدمہ ہوا اور میں بے ہوش ہوگیا،18 لوگوں کی میتیں دیکھ کر میں برداشت نہیں کرسکا،

دریں اثنا مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ممتاز سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کی علالت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔