سید نور نے رواں برس 4 فلمیں بنانے کا اعلان کردیا

’’پرائس آف آنر‘‘، ’’ بھائی وانٹڈ‘‘ اور ’’فرسٹ لو‘‘اس سال،’’ او امریکا‘‘ آئندہ برس ریلیز ہوگی


Showbiz Reporter January 24, 2014
بھارتی فلموں کی آمدن فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن مستحق لوگوں میں تقسیم کریگی،پریس کانفرنس۔ فوٹو: فائل

پاکستان فلم پروڈیوسرزایسوسی ایشن کے چیئرمین اورہدایتکار سید نور نے فلم انڈسٹری کی سپورٹ کے لیے سال 2014ء میں 4فلمیں ریلیز کرنے کا اعلان کر دیا۔

پہلی فلم ''پرائس آف آنر'' 30اپریل، دوسری فلم '' بھائی وانٹڈ'' عیدالفطر، تیسری فلم ''فرسٹ لو'' عیدالاضحی جب کہ چوتھی فلم '' او امریکا'' آئندہ برس 2015ء کو ریلیز کی جائے گی۔ فلموں میں نوجوان فنکاروں کو متعارف کروایا جائے گا۔ جب کہ سینمامالکان سے ہونیوالے معاہدہ کے مطابق جلد ہی بھارتی فلموں کی نمائش سے ہونے والی آمدن کی رقم فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کوملے گی جومستحق لوگوں میں تقسیم کی جائے گی۔ اس کے لیے ہم نے کمیٹی تشکیل دیدی ہے جس کے سربراہ معروف قانون دان ایس ایم ظفر ہیں۔ یہ اعلان سیدنور نے گزشتہ روزمقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

 photo 6_zpse3956688.jpg

اس موقع پر ہدایتکار شہزاد رفیق، اعجاز کامران، اداکارہ حیاء، صفدرملک، جاوید وڑائچ، قیصرثناء اللہ خان، جونی ملک، فیاض خان ، ڈاکٹراعجاز وارث، سورج بابااورشفقت چیمہ سمیت دیگر موجود تھے۔ سید نورکا کہنا تھا کہ اب عملی طورپرکام کرنے کا وقت ہے۔ میری فلم ''پرائس آف آنر'' کی عکسبندی اورپوسٹ پروڈکشن مکمل ہوچکی ہے جب کہ میں اپنی دوسری فلم '' بھائی وانٹڈ '' کی یکم فروری سے کراچی میں شوٹنگ شروع کردونگا۔ اس کے علاوہ تیسری فلم کی شوٹنگ کینیڈا جب کہ چوتھی فلم امریکا میں شوٹ کی جائے گی۔ فلم کا میوزک نوجوان میوزک ڈائریکٹرنویدواجد نوشاد نے ترتیب دیا ہے جب کہ نئے فنکاروںکی طرح ایک نئی گلوکارہ ذوبیہ کو بھی متعارف کروا رہاہوں جو فلم کے گیت گائیں گی۔

مقبول خبریں