مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی، شیخ رشید

ویب ڈیسک  ہفتہ 24 جولائی 2021
کشمیر انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی  اپوزیشن نے رونا دھونا شروع کردیا ہے،شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

کشمیر انتخابات کے نتائج سے پہلے ہی اپوزیشن نے رونا دھونا شروع کردیا ہے،شیخ رشید۔ فوٹو:فائل

 اسلام آباد: وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا ہے کہ مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی۔ 

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات کے بعد کل شام لال حویلی کے باہر سے پی ٹی آئی کی جیت کا اعلان کروں گا، مجھے شک ہے کہ پیپلزپارٹی ن لیگ سے ایک سیٹ زیادہ لے گی، اپوزیشن نے ابھی سے رونا دھونا شروع کردیا ہے، ان لوگوں نے پہلے ہی ہار کو تسلیم نہ کرنے کی قسم کھائی ہوئی ہے، ساس اور بہو کی لڑائی ہو تو کہتے ہیں ڈی چوک جارہاہوں، میرے دل کا جانی بلاول کہتا ہے میں کشمیر میں آرہا ہوں، اس کا راستہ کون روک سکتا ہے، اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ آئندہ الیکشن کی تیاری کریں تین سال گزر گئے ہیں اور صرف ایک سال باقی ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نوازشریف اور ان کے خاندان نے ملک کو لوٹ لیا اور قوم کو سزادی، یہ برینڈڈ کپڑے پہنیں گے تو غریبوں نے پھٹے کپڑے ہی پہننے ہیں، سوشل میڈیا کے مطابق نوازشریف سے را کے ایجنڈ مل رہے ہیں، آپ مودی سے پگڑی بدلتے ہیں تو آپ کہاں سے کشمیری ہیں، خود کو کشمیری کہتے ہیں کیا وہاں کا ڈومیسائل آپ کے پاس ہے، میں 100 فیصد کشمیری ہوں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کشمیری اپنا فیصلہ خود کریں گے، پاکستان قدم قدم پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کے ساتھ ہے، مولانا فضل الرحمان کی کارکردگی کشمیر کے معاملے پر ناقص رہی، اصل کام وزیراعظم عمران خان نے کیاہے اور وہی کشمیر کا کیس دنیا میں اجاگر کریں گے،

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ شہبازشریف بھائی سے ڈرے ہوئے ہیں اور بچارے لاپتہ ہیں، مریم نواز کی سیاست کو ان کی زبان تباہ کردے گی، ہم پر کشمیر فروشی کے الزام لگائے گئے، نوازشریف اب کیوں واویلا کررہے ہیں، آپ  صبح واپسی کا اعلان کریں میں آپ کو چارٹرفلائٹ دوں گا، فول پروف سیکیورٹی دوں گا، پاکستان کی ساری سیاست میڈیا پر قید ہو چکی ہے، میڈیا پر کھیلنا ہے تو سب سے بڑا لیڈر میں ہوں،

وزیرداخلہ نے مزید کہا کہا چار سے چھ ماہ اہم ہیں بھارت اور اسرائیل ہائبرڈ وار کررہاہے، افغان سفیر کی بیٹی کا اغوا نہیں ہوا لاپتہ یا گمشدگی تھی، چار ٹیکسیوں کے ڈرائیوروں کو گرفتار کرکے تحقیق کی،  اگر اسلام آباد کا امن وامان اتنا خراب تھا تو ٹیکسیاں کیسے بدلی، افغانستان کے جو مسائل ہیں وہ افغان قوم کے مسائل ہیں، پاکستانی فوج اور رینجرز سرحدوں پر ملک کی حفاظت کے لیے موجود ہے، چین سے پاکستان کی دوستی لازوال ہے، داسو ڈیم پر جلد کام شروع ہوجائے گا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔