کراچی حصص مارکیٹ میں مندی 61 پوائنٹس گرگئے

انڈیکس 27 ہزار 3 پوائنٹس پر بند،7 ارب 65 کروڑ کا نقصان،کاروباری حجم40 فیصد گھٹ گیا،24کروڑ حصص کے سودے


Business Reporter January 25, 2014
کاروباری حجم 40 فیصد گھٹ گیا،24 کروڑ حصص کے سودے۔ فوٹو: پی پی آئی /فائل

دہشت گردی، امن وامان کی بگڑتی صورتحال اور شہر میں پہیہ جام ہڑتال کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو کاروباری سرگرمیاں اتارچڑھائو اور مندی کی لپیٹ میں رہیں جس سے50 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے7 ارب65 کروڑ2 لاکھ51 ہزار667 روپے ڈوب گئے۔

ہڑتال کے باعث کاروبار کے آغاز پرحصص کی فروخت میں شدت کی وجہ سے 196.56 پوائنٹس کی مندی رونما ہوئی لیکن بعدازاں نچلی قیمتوں پر سیمنٹ اور بعض کثیر قومی کمپنیوں میں خریداری سے مندی کی شدت کم ہوئی اور ایک موقع پر33 پوائنٹس کی تیزی بھی ہوئی لیکن فروخت کی شدت برقرار رہنے کے سبب یہ تیزی بھی زیادہ دیر برقرار نہ رہ سکی اور مارکیٹ دوبارہ مندی کے گرداب میں پھنس گئی، ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے مجموعی طور پر82 لاکھ15 ہزار832 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری بھی کی گئی جس سے مارکیٹ بڑی نوعیت کی مندی سے بچ گئی، کاروباری دورانیے میں مقامی کمپنیوں کی جانب سے30 لاکھ3 ہزار 344 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے24 لاکھ18 ہزار680 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے15 لاکھ96 ہزار286 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے55 ہزار340 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے11 لاکھ 42 ہزار182 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا۔

 photo 7_zps2e51407d.jpg

ماہرین اسٹاک نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مارکیٹ میں گزشتہ ہفتوں سے جاری مستقل تیزی کا رحجان اب رک جائے گا اور مارکیٹ میں اتارچڑھائو کے ساتھ معمولی نوعیت کی تیزی رونما ہوسکتی ہے، کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس61.45 پوائنٹس کی کمی سے27002.89 ہوگیا جبکہ کے ایس ای30 انڈیکس 69.40 پوائنٹس کی کمی سے 19601.60 اور کے ایم آئی30 انڈیکس 60.09 پوائنٹس کی کمی سے44716.71 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت40.02 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر23 کروڑ98 لاکھ47 ہزار360 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ419 کمپنیوںتک محدود رہا جن میں199 کے بھائو میں اضافہ، 209 کے داموں میں کمی اور11 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔