پاکستان میں گزارے لمحات ہمیشہ یاد رہیں گے سمیتا رائے

اسلام آباد دیکھ کر مجھے لگا کہ چندی گڑھ میں گھوم رہی ہوں جب کہ لاہور بالکل دہلی جیسا لگتا ہے، سمیتا رائے


Qaiser Iftikhar January 26, 2014
پاکستان آنے سے قبل ڈرایا جاتا تھا کہ یہاں دہشتگردی اور قتل وغارت ہے لیکن مجھے تو ایسا کچھ نظر نہیں آیا، سمیتا رائے۔ فوٹو: فائل

KARACHI: بھارت کی فلم سٹی ممبئی سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ سمیتا رائے نے کہا ہے کہ دو سال قبل ماہ رمضان میں قرآن پاک کا مطالعہ کیا جس سے ملنے والے پیغام کے مطابق اگر زندگی بسر کی جائے تو انسان بہت پرسکون زندگی گزار سکتا ہے۔

یہاں آنے سے قبل مجھے ڈرایا جاتا تھا کہ یہاں دہشتگردی اور قتل وغارت ہے لیکن مجھے تو ایسا کچھ نظر نہیں آیا بلکہ پاکستان تو امن پسند لوگوںکا ملک ہے، اسلام آباد دیکھ کر مجھے لگا کہ چندی گڑھ میں گھوم رہی ہوں جب کہ لاہور بالکل دہلی جیسا لگتا ہے، لاہور میں بادشاہی مسجد میں گئی جہاں پر جمعہ کی نماز بھی ادا کی اور یہ بہت تجربہ بہت اچھا لگا، اس کے پاس واقع گردوارہ میں جانے کی اجازت نہ مل سکی۔ یہاں تاریخی ورثہ کو محفوظ دیکھ کر بہت اچھا لگا، کھانوں کی تعریف تو سن رکھی تھی لیکن جب میرے میزبان پروڈیوسر یامین ملک نے پالک گوشت کھلایا تو پھر اپنے پسندیدہ چکن کو ہاتھ تک نہیں لگایا، اس کے علاوہ حلیم بھی بہت لذیز تھا۔ اندرون شہرکی سیر کی تو لوگ بہت چاہت اور اپنائیت سے ملے، یہ لمحات مجھے ہمیشہ یاد رہیں گے۔

 photo 1_zps49ececb9.jpg

سمیتا رائے نے '' نمایندہ ایکسپریس'' کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ میں نے کلاسیکی موسیقی کی باقاعدہ تعلیم حاصل کی اور بالی ووڈ میں بطورپلے بیک گلوکارہ کے کام کر رہی ہوں، میرے پسندیدہ گلوکارکشورکمارہیں اورانکو روحانی استاد مانتی ہوں لیکن مجھے پاکستان سے شہنشاہ غزل استاد مہدی حسن، ملکہ ترنم نورجہاں، فریدہ خانم، غلام علی اور ریشماں جی بہت پسند ہیں، ہمارے گھر میں پاکستان کے لیجنڈ گلوکاروں کی بڑی کولیکشن موجود ہے جو میری والدہ نے اکٹھی کی تھی، ریشماں جی بہت پسند ہیں لیکن افسوس بھی ہے کہ مجھے اسوقت آنے کا موقع ملا جب وہ اس دنیا میں نہیں رہیں۔ انھوں نے بتایا کہ پروڈیوسر یامین ملک کی فلم کے لیے دوگیت بھی ریکارڈ کروانگی، پاکستان آنے کے بعد میں نے یہاںکام کرنیکا لمبا شیڈول ترتیب دیدیا ہے اور میری خواہش ہے کہ میں یہاں ہی رہ جائوں۔ میں مستقبل میں پاکستان میں ہونیوالے میوزک فیسٹیولزمیں پرفارم کرنا چاہوں گی۔ سمیتارائونے کہا کہ پاکستان اوربھارت کی نوجوان نسل کو اس خطے میں امن اور دنیا پر راج کرنے کے لیے ملکر کام کرنا ہوگا۔ دونوں ملکوں کے نوجوان بہت باصلاحیت ہیں۔ مجھے امید ہے کہ نئی نسل دونوں ملکوں کے تعلقات کوبہترکرنے میں اہم کردار ادا کریگی۔