کشمیر پریمیئر لیگ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

اسپورٹس ڈیسک  جمعـء 6 اگست 2021
ایونٹ کا پہلا میچ شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز کے درمیان کھیلا گیا (فوٹو: ٹویٹر)

ایونٹ کا پہلا میچ شاہد آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز کے درمیان کھیلا گیا (فوٹو: ٹویٹر)

 کراچی: کشمیر پریمیئر لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جبکہ ایونٹ کا پہلا میچ بھی کھیلا گیا جس میں راولا کوٹ ہاکس نے میرپور رائلز کو شکست دے دی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ اس کے بعد پاکستان اور آزاد کشمیر کے قومی ترانے بجائے گئے۔

ایونٹ کا پہلا میچ شاہد خان آفریدی کی ٹیم راولا کوٹ ہاکس اور شعیب ملک کی ٹیم میرپور رائلز کے درمیان ہوا جس میں راولا کوٹ ہاکس نے میرپور رائلز کو 43 رنز سے شکست دے دی۔ ہفتے کو باغ اسٹالینز اور کوٹلی لائنز میں میچ کھیلا جائے گا، اوورسیز واریئرز اور مظفر آباد ٹائیگرز بھی مدمقابل ہوں گے۔

ایونٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہیں۔ پہلا کوالیفائر 14 اگست کو ہونا ہے، فائنل 17 تاریخ کو ہوگا، مجموعی طور پر 19 میچز کھیلے جائیں گے، اس میں سے 12 ڈے اینڈ نائٹ ہیں۔

ایونٹ کو ختم کرانے کے لیے بھارتی کرکٹ بورڈ نے ایڑی چوٹی کا زور لگایا، غیرملکی پلیئرز کو شرکت سے روکنے کی سرتوڑ کوشش کی، اس مقصد کے لیے متعلقہ بورڈز پر دباؤ بھی ڈالا گیا۔

بھارت نے ایونٹ کو رکوانے کے لیے آئی سی سی کا دروازہ تک کھٹکھٹایا  تاہم وہاں پر بھی اسے منہ کی کھانی پڑی۔ بھارت کی تمام تر سازشوں کے باوجود کشمیر پریمیئر لیگ شروع ہوچکی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔