تھائی لینڈ میں اپوزیشن رہنما کے قتل کے بعد کشیدگی 2 فروری کے انتخابات ملتوی ہونے کا امکان

حکومت مخالف مظاہرین نے انتخابی کیمپ بند کرا دیئے، کشیدگی کے باعث الیکشن کمیشن کا انتخابات ملتوی کرنے پر غور


AFP/ January 28, 2014
وزیراعظم ینگ لک شناوترا نے شدید مخالفت کے باوجود اقتدار سے علیحدہ ہونے سے انکار کردیا۔ فوٹو: فائل

تھائی لینڈ میں الیکشن کمیشن نے اپوزیشن رہنما کے قتل کے بعد ملک بھر میں کشیدہ سیاسی صورتحال کے باعث 2 فروری کو ہونے والے عام انتخابات ایک ماہ کیلئے ملتوی کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔


غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ میں اپوزیشن رہنما کے قتل کے بعد دارالحکومت بنکاک سمیت مختلف صوبوں میں حکومت مخالف مظاہروں میں شدت آگئی ہے، 2 فروری کو ہونے والے عام انتخابات سے قبل حکومت مخالف مظاہرین نے انتخابی کیمپ بند کرا دیئے جبکہ کئی پولنگ اسٹیشنز پر قبضہ کرلیا، دوسری جانب ڈپٹی وزیر اعظم سوراپونگ کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے صرف دارالحکومت بنکاک میں 50 میں سے 45 پولنگ اسٹیشنز بند کرا دیئے ہیں تاہم قیام امن اور شفاف انتخابات کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔


ادھر الیکشن کمیشن نے بھی واضح کیا ہے کہ اگر پرتشدد کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہا تو انتخابات ملتوی کئے جاسکتے ہیں جبکہ وزیراعظم ینگ لک شناوترا نے شدید مخالفت کے باوجود اقتدار سے علیحدہ ہونے سے صاف انکار کردیا ہے۔


واضح رہے کہ حکومت مخالف مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ وزیر اعظم ینگ لک شناوترا انتخابات سے قبل اقتدار سے علیحدگی اختیار کریں اور انتخابی عمل میں اصلاحات کی جائیں۔