بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری 77 فیصد گرگئی

پہلی ششماہی میں59ارب کی سرمایہ کاری،گزشتہ مالی سال254ارب ہوئی تھی


Business Reporter January 28, 2014
دسمبرکے دوران قومی بچت اسکیموں سے22 ارب 51 کروڑ 40 لاکھ روپے نکال لیے گئے۔ فوٹو : فائل

ملک میں جاری بدامنی اور مہنگائی نے عوام کے لیے گزر بسر اتنا دشوار کردیا ہے کہ قومی بچت کا رجحان بھی کم ہورہا ہے۔

ماہرین کے مطابق قومی بچت کے ادارے کی جانب سے عوام کو سرمایہ کاری پر دیے جانے والے محدود منافع کے مقابلے میں مہنگائی اور روپے کی بے قدری میں زیادہ تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور قومی بچت میں عوام کے رکھے گئے سرمائے کی قدر بھی گرتی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ عوام کی جانب سے قومی بچت کی اسکیموں میں سرمایہ کاری کا رجحان تیزی سے کم ہورہا ہے۔ سرکاری اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران قومی بچت اسکیموں میں 58 ارب 92 کروڑ 50لاکھ روپے کی نئی سرمایہ کاری کی گئی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں کی جانے والی 254ارب 59کروڑ 91لاکھ روپے کی سرمایہ کاری سے 76.86فیصد کم ہے، قومی بچت کے لیے دسمبر 2013 انتہائی مایوس کن مہینہ رہا جس میں قومی بچت اسکیموں سے 22ارب 51کروڑ 40لاکھ روپے نکال لیے گئے۔

 photo 2_zps20a18214.jpg

رواں مالی سال کے پہلے 6 ماہ کے دوران ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹ میں 3 ارب 27 کروڑ روپے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں 14ارب 42 کروڑ 55لاکھ روپے، اسپیشل سیونگز سرٹیفکیٹ (ریگولر) میں 15ارب 66کروڑ 88لاکھ روپے اور پرائز بانڈز میں 26 ارب 63 کروڑ 43لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی، دیگر متفرق اسکیموں اور اکائونٹس میں مجموعی سرمایہ کاری دسمبر میں 28ارب 88 کروڑ 71 لاکھ روپے کے انخلا کے سبب منفی 1ارب 7کروڑ 39لاکھ روپے رہی، اس طرح 6 ماہ کے دوران مجموعی طور پر 58 ارب 92 کروڑ 50لاکھ روپے کی سرمایہ کاری ہوسکی۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے 6ماہ کے دوران ڈیفنس سیونگ سرٹیفکیٹ میں 22ارب 99 کروڑ 18لاکھ روپے، ریگولر انکم سرٹیفکیٹ میں 19ارب 8کروڑ 54لاکھ روپے، اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ میں 28 ارب 85کروڑ 15لاکھ روپے، پرائز بانڈز میں 29ارب 76کروڑ 94لاکھ روپے جبکہ دیگر متفرق اسکیموں میں مجموعی طور پر 153ارب 90 کروڑ 10لاکھ روپے کی سرمایہ کاری کی گئی تھی، اس طرح گزشتہ مالی سال کی پہلی ششماہی میں مجموعی سرمایہ کاری 254ارب 59کروڑ 91لاکھ روپے ریکارڈ کی گئی تھی۔