جنگی تربیت کا اعلیٰ معیار امن کی ضمانت ہے جنرل راحیل

فوجی مشقوں میں لاہور کور اور پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا


INP January 30, 2014
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف ٹلہ فائرنگ رینج جہلم کے قریب جاری فوجی مشقوں کے دوران جنگی طیارے کو ہدف کو نشانہ بناتے دیکھ رہے ہیں۔ فوٹو: اے پی پی

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ فوج کوجنگی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلیے تمام درکار وسائل فراہم کیے جائیں گے۔

زمانہ امن میں آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھنا ہی امن کی ضمانت ہے، پاک فوج کے جوان پیشہ وارانہ تربیت اور حکمت عملی میں بے مثال سپاہی ہیں۔ بدھ کو آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے جہلم کے قریب ٹلہ فائرنگ رینج میں جاری حقیقی جنگی ماحول میں مشقوں کا جائزہ لیا۔

آرمی چیف نے جوانوں کی اعلیٰ تربیت کی تعریف کرتے ہوئے اپنے اہداف پر درست نشانہ لگانے کی صلاحیتوں کو سراہا۔ فیلڈ کمانڈرز نے آرمی چیف کو بریفنگ دی۔ ٹلہ میں جاری فوجی مشقوں میں لاہور کور اور پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے بھی حصہ لیا۔