مزدوروں کیلیے بہتر اقدامات قطر کو 14دن میں رپورٹ دینے کی ہدایت

فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر کے ذریعے 13 فروری کویورپیئن پارلیمنٹ میں پیش کی جائیگی


AFP/Sports Desk February 01, 2014
ایمنیسٹی انٹرنیشنل اور انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نے قطر میں تارکین وطن مزدوروں کی حالات زار پر تنقید کی تھی. فوٹو: فائل

فیفا نے قطر کو تعمیراتی کاموں میں مصروف مزدوروں کیلیے بہتر اقدامات کی رپورٹ 14دن میں دینے کی ہدایت کردی، اسے 13فروری کو برسلز میں یورپیئن پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔

ایمنیسٹی انٹرنیشنل اور انٹرنیشنل ٹریڈ یونین کنفیڈریشن نے قطر میں تارکین وطن مزدوروں کی حالات زار پر تنقید کی تھی۔ فٹبال کی عالمی باڈی کے ایک بیان میں کہا گیاکہ فیفا کو امید ہے قطر کی جانب سے رپورٹ صدر سیپ بلاٹر کے گذشتہ نومبر میں دورئہ دوحاکی ہدایات کے مطابق دی جائے گی، یاد رہے کہ انھوں نے تارکین وطن مزدوروں کی فلاح وبہبود اور طرز زندگی کو بہتر بنانے پر زور دیا تھا۔ بیان میں مزید کہا گیاکہ فیفا کو مکمل یقین ہے ورلڈ کپ کی وجہ سے قطر میں مثبت سماجی تبدیلی آئے گی، تارکین وطن مزدوروں کے قوانین اور حالات بھی ٹھیک ہو جائیں گے۔ رپورٹ فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی ممبر تھیو زوانزیگر کے ذریعے 13 فروری کو برسلز میں یورپیئن پارلیمنٹ کو پیش کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ ہمارا مقصد قطر میں مزدوروں کی حالت بہتر بنانا ہے، لازمی طور پر واضح قوانین اور اقدامات کی ضرورت ہے جو اعتبار بحال کرنے اور صورتحال کی ضمانت دے سکیں، حالات اس وقت ناقابل قبول اور وقت کے ساتھ ہی بہتر ہوسکیں گے۔

 photo 6_zps855b8bab.jpg

ایمنیسٹی نے قطر کو تنخواہوں کی عدم ادائیگی، کام میںسختی اور خطرناک صورتحال، رہائش کے ابتر حالات کا ذمہ دار ٹھہرایا تھا ۔ یورپیئن پارلیمنٹ نومبر میں اس وقت بحث میں شامل ہوئی جب اس نے مزدوروں کے مخدوش حالات پر خدشہ ظاہر کیا تھا۔ البتہ اس نے کفالہ یا اسپانسرشپ کو ختم کرنے کی اپیل واپس لے لی تھی، اس نظام کے تحت ملازمین اپنی ملازمتیں تبدیل یا اسپانسرز کی اجازت کے بغیر ملک نہیں چھوڑ سکتے ہیں۔ ایک اور رپورٹ 20 اور 21 مارچ کو فیفا ایگزیکٹیو کمیٹی میں پیش کی جائیگی۔ دریں اثنا قطر کے دارالحکومت دوحا میں نیپالی سفارتخانے نے رواں ہفتے بتایا تھا کہ 2013 میں ایشیائی ممالک کے191 مزدور انتقال کر چکے ہیں، ان میں سے بیشتر کو دل کا دورہ پڑا،2012 میں جاں بحق ہونے والے مزدوروں کی تعداد 169 تھی۔ یاد رہے کہ قطر کو 2022فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی کرنی ہے۔