ملک کے تمام چیمبرز کی پری بجٹ کانفرنس 4 فروری کو طلب

پہلا سیشن چیمبرزصدورپر مشتمل ہوگا ،دوسرے سیشن میں اہم سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے


Ehtisham Mufti February 02, 2014
پہلا سیشن چیمبرزصدورپر مشتمل ہوگا ،دوسرے سیشن میں اہم سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے. فوٹو فائل

پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں برسراقتدار بزنس مین گروپ نے 4 فروری 2014 کو ملک بھر کے38 چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری پر مشتمل پری بجٹ کانفرنس طلب کرلی ہے۔

کراچی چیمبر کے صدر عبداللہ ذکی نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ اس پہلی آل پاکستان چیمبرز آف کامرس پری بجٹ کانفرنس میں اسلام آباد، راولپنڈی، خیبرپختونخوا، لاہور، کوئٹہ، حیدرآباد، سکھرچیمبر کے علاوہ ملک کے30 سے زائد چیمبرز آف کامرس نے اپنی شرکت کو کنفرم کردیا ہے۔ کانفرنس کو دوسیشنزمیں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلا سیشن ملک بھر کے چیمبرز کے صدورپر مشتمل ہوگی جبکہ دوسرے سیشن میں اہم قومی سیاسی جماعتوں کے رہنما شرکت کریں گے۔ عبداللہ ذکی نے بتایا کہ ملک گیر سطح پر پری بجٹ کانفرنس منعقد کرانے کا بنیادی مقصد یک آواز ہوکرحکومت کو بجٹ تجاویز پیش کرنا ہے تاکہ وفاقی وصوبائی بجٹس میں تجارت وصنعتی شعبوں کے درمیان بجٹ اقدامات کے حوالے سے ابہام پیدا نہ ہوں اور باہمی اتفاق ومشاورت کے ساتھ مشترکہ طور پر بجٹ سفارشات مرتب کی جاسکیں۔

 photo 5_zps26607373.jpg

انہوں نے بتایا کہ ماضی میں ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے تجارتی ایوانوں، انجمنوں کی جانب سے علیحدہ علیحدہ بجٹ تجاویز مرتب کرکے حکومت کو ارسال کی جاتی رہی ہیں لیکن اس بار کراچی چیمبر نے یہ بیڑا اٹھایا ہے کہ ملک بھر کی تاجرو صنعتکار برادری یک جان ہوکربجٹ تجاویز کا صرف ایک ہی مسودہ وفاقی حکومت کو پیش کرے جسکے نئے بجٹ میں شمولیت کے واضح امکانات باقی رہ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ پری بجٹ کانفرنس میں سیاستدانوں کا سیشن اس لیے رکھا گیا ہے کہ مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے انہی سیاستدان کو پہلے سیشن میں طے پانے والے بجٹ سفارشات کو ان کے سامنے پیش کیا جائے تاکہ وہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں ان تجاویز کو پیش کریں اور حکومتی حلقوں تک ان تجاویز کو پہنچاسکیں۔ عبداللہ ذکی نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار بزنس مین گروپ کے چیئرمین سراج قاسم تیلی کی ہدایات پر کراچی چیمبر نے یہ بیڑا اٹھایا ہے، جسکے مالی سال2014-15 کے وفاقی بجٹ میں ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے لیے دور رس نتائج حاصل ہوسکیں گے۔

مقبول خبریں