جعلی وغیرمعیاری اشیا کیخلاف پی ایس کیو سی کی مہم شروع

عوام اشیاخوردونوش خریدتے ہوئے پیک پر پی ایس کیو سی اے کا مارک ضرور چیک کریں،ماہرین


Business Reporter February 03, 2014
عوام اشیاخوردونوش خریدتے ہوئے پیک پر پی ایس کیو سی اے کا مارک ضرور چیک کریں،ماہرین۔ فوٹو: فائل

پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی نے وفاقی وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی ہدایت پر جعلی اور غیرمعیاری اشیا کے خلاف مہم کا آغاز کردیا ہے۔

پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے)کی ٹیم نے میڈیا ایڈوائزر عبدالوحید میمن، سید انور اقبال، ڈپٹی ڈائریکٹر (کمپلسری سرٹیفکیشن کراچی)، این جی اوز اور میڈیا کے نمائندوں کے ہمراہ اتوار بچت بازار، بلاک 8، خیابان اتحاد، ڈیفنس میں لگے ہوئے اتوار بچت بازامیں چھاپہ مارا۔ پی ایس کیو سی اے کی ٹیم نے خوردنی گھی، تیل، کنولا آئل، مشروبات، باٹل ڈرنکنگ واٹر اور چائے کی پتی کے مختلف نمونے بھی موقع پر ہی جانچ پڑتال کیلیے حاصل کیے جن میں سے گھی و تیل کے نمونوں کی رپورٹ موقع پر ہی جاری کردی گئیں اور مشروبات، باٹل ڈرنکنگ واٹر اور چائے کی پتی کے نمونوں کی رپورٹ ابھی آنا باقی ہے۔

 photo 2_zps732c74fa.jpg

پی ایس کیو سی اے کے میڈیا ایڈوائزرنے بتایا کہ موبائل لیبارٹری پاکستان میں اپنی طرز کی پہلی موبائل لیبارٹری ہے جو اشیا کے معیار کو چیک کرنے کیلیے تمام آلات اور ساز و سامان سے لیس ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی اور ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے کی خصوصی ہدایات پر غیر معیاری اشیا کی موقع پر ہی چیکنگ کیلیے پی ایس کیو سی اے کی مہم شروع کی گئی ہے اور کراچی کے علاوہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی اس لیبارٹری سے اشیا کا معیار چیک کیا جائیگا۔ اس موقع پر خریداروں کی بڑی تعداد بھی موبائل لیبارٹری کے گرد جمع ہوگئی اور پی ایس کیو سی اے کی جانب سے عوام کو غیرمعیاری اشیا سے محفوظ رکھنے کی کوششوں کی تعریف کی۔ ماہرین نے عوام پر زور دیا کہ کھانے پینے کی اشیا بالخصوص گھی، تیل، پانی، بسکٹ، مصالحہ جات اور چائے کی پتی خریدتے ہوئے پیک پر پی ایس کیو سی اے کا مارک ضرور چیک کریں۔