ٹیسٹ سیریز، بھارت نے نئے ہتھیاروں کی جانچ شروع کردی

اسپورٹس ڈیسک  پير 3 فروری 2014
پریکٹس میچ میں کیویز کی اننگز 9 وکٹ پر262 پر ڈیکلیئرڈ، روبرٹ اوڈونیل کے 80رنز۔ فوٹو: فائل

پریکٹس میچ میں کیویز کی اننگز 9 وکٹ پر262 پر ڈیکلیئرڈ، روبرٹ اوڈونیل کے 80رنز۔ فوٹو: فائل

وانگیری: نیوزی لینڈ سے ٹیسٹ سیریز کیلیے بھارتی سورمائوں نے نئے ہتھیاروں کی جانچ شروع کردی، میزبان الیون کے خلاف دو روزہ پریکٹس میچ میں کپتان مہندرا سنگھ دھونی اور ویرت کوہلی نے کھیل سے اجتناب کیا۔

رویندرا جڈیجا بھی میدان میں نہیں اترے، ایشور پانڈے نے تین وکٹیں لے کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، پہلے دن نیوزی لینڈ الیون نے  9 وکٹ پر 262 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، روبرٹ او ڈونیل نے 80 رنز بنائے، جواب میں بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 41 رنز بنالیے۔ تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ سے 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں 0-4 سے شرمناک شکست کھانے والی بھارتی ٹیم نے اب ٹیسٹ میچز کے لیے نئے ہتھیاروں کی جانچ شروع کردی ہے جبکہ ٹیسٹ اسپیشلسٹس ظہیر خان، چتیشور پجارا، مرلی وجے ، امیش یادیو اور ورھیمان ساہا سب کو الیون میں شامل کیا گیا تاہم کپتان دھونی اور ویرت کوہلی کو آرام دیا گیا دونوں ہی آکلینڈ میں ہی فرصت کے لمحات سے لطف اندوز ہورہے ہیں اگرچہ رویندرا جڈیجا نے ٹیم کے ساتھ وانگیری کا سفر کیا مگر میدان میں نہیں اترے۔

 photo 3_zps4ffe85b0.jpg

نیوزی لینڈ الیون نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 78 اوورز میں 9 وکٹ پر 262 رنز بناکر اننگز ڈیکلیئرڈ کردی، میزبان اننگز میں روبرٹ او ڈونیل نمایاں رہے جنھوں نے 80 رنز اسکور کیے، جونو ہیکی نے 45 رنز بنائے، رولڈ بیڈن ہورسٹ نے 34 اور جارج ورکر نے 33 رنز بنائے، بھارت کی جانب سے ایشور پانڈے نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ایشانت شرما اور ایشون نے دو،دو وکٹیں لیں، ظہیر خان اور امیش یادیو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا، محمد شامی اور بھونیشور کمار نے بولنگ نہیں کی تاہم وہ فیلڈنگ کرتے رہے،  جواب میں دن کے اختتام تک 14 اوورز میں بھارت نے بغیر کسی نقصان کے 41 رنز اسکور کیے۔ مرلی وجے 19 اور شیکھر دھون 16رنز پر کھیل رہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔