امریکی کمپنی نے روبوٹ کتے کو خطرناک رائفل سے لیس کردیا

ویب ڈیسک  جمعـء 15 اکتوبر 2021
روبوٹ کتے پر رائفل کی تنصیب خطرناک اور روبوٹکس کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دی جارہی ہے۔ (تصاویر: گھوسٹ روبوٹکس/ سوورڈ انٹرنیشنل/ سوشل میڈیا)

روبوٹ کتے پر رائفل کی تنصیب خطرناک اور روبوٹکس کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی قرار دی جارہی ہے۔ (تصاویر: گھوسٹ روبوٹکس/ سوورڈ انٹرنیشنل/ سوشل میڈیا)

فلاڈلفیا: ایک امریکی کمپنی ’’گھوسٹ روبوٹکس‘‘ نے اپنے تیار کردہ ملٹری روبوٹ کتے ’’وژن 60‘‘ پر خطرناک اسنائپر رائفل نصب کرکے اسے ہلاکت خیز بھی بنا دیا ہے۔

گھوسٹ روبوٹکس نے اس بارے میں ایک ٹویٹ بھی کی ہے جس کے ساتھ روبوٹ کی تصویر بھی ہے البتہ یہ ٹویٹ خاصی مبہم ہے جس سے زیادہ تفصیلات کا اندازہ نہیں ہوتا:

ٹویٹ سے صرف اتنا پتا چلتا ہے کہ یہ اسنائپر رائفل ’’سوورڈ انٹرنیشنل‘‘ نامی ایک اور امریکی ادارے نے ڈیزائن کی ہے جبکہ اسے ’’اسپیشل پرپز ان مینڈ رائفل‘‘ (SPUR) کا نام دیا گیا ہے۔

فی الحال اس کے متوقع خریداروں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا لیکن اندازہ ہے کہ امریکی پولیس اور فوج ہی اس کی اوّلین گاہکوں میں شامل ہوں گی۔

سوورڈ انٹرنیشنل کی ویب سائٹ سے مزید معلوم ہوتا ہے کہ یہ اسنائپر رائفل (SPUR) لمبے فاصلے سے ’’ٹھیک ٹھیک‘‘ نشانہ لگا سکتی ہے۔

دن ہو، رات ہو یا کیسے بھی حالات ہوں، یہ اسنائپر رائفل بہت آرام سے استعمال کی جاسکتی ہے۔

یہ 6.5 ملی میٹر والی ’’کریڈمُور‘‘ کارٹریج سے گولیاں فائر کرتی ہے جسے بطورِ خاص لمبے فاصلے پر موجود ہدف کو تباہ کرنے کےلیے بنایا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر بعض صارفین نے روبوٹ کتے پر اسنائپر رائفل کی تنصیب کو خطرناک اور روبوٹکس کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی بھی قرار دیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔