کیریبیئن ویمنز ٹیم پاکستان کی مہمان بنے گی

اسپورٹس رپورٹر  جمعـء 22 اکتوبر 2021
پاکستانی اسکواڈ کااعلان کردیا گیا، ہفتے سے تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگا ۔ فوٹو : فائل

پاکستانی اسکواڈ کااعلان کردیا گیا، ہفتے سے تربیتی کیمپ کا آغاز ہوگا ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: ویسٹ انڈین ویمنز ٹیم پاکستان کی آئندہ ماہ مہمان بنے گی، یکم نومبر کو آمد شیڈول جب کہ کراچی میں 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔

ویسٹ انڈیز ویمن کرکٹ ٹیم اگلے ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی، دونوں ممالک کی خواتین ٹیمیں 3 ون ڈے میچزنیشنل اسٹیڈیم کراچی میں 8 ، 11 اور 14 نومبر کو کھیلیں گی، بعدازاں دونوں ٹیمیں 21 نومبرتا 5 دسمبر زمبابوے میں شیڈول آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کوالیفائر میں شرکت کریں گی، جس میں شریک 10 میں سے ٹاپ 3 ٹیمیں نیوزی لینڈ میں ہونے والے  آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 2022 میں جگہ بنائیں گی۔

پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ نے ویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے دورہ پاکستان  پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ  سیریز ورلڈ کپ کوالیفائر کی تیاری کا بہترین موقع بھی فراہم کرے گی، اس کے بعد دسمبر میں 3 ون ڈے اوراتنے ہی ٹی ٹونٹی میچز کے لیے ویسٹ انڈیز کی مینز ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔

دریں اثناویسٹ انڈیز ویمن ٹیم کے خلاف ہوم سیریز اور ورلڈ کپ کوالیفائر کیلیے پاکستان کی 18 رکنی ویمن ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے، جوریہ خان  ٹیم کی کپتان ہوں گی جبکہ کھلاڑیوں میں ایمن انور ، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، ارم جاوید، کائنات امتیاز، ماہم طارق، منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمائمہ سہیل، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرہ امین اور سدرہ نواز (وکٹ کیپر) شامل ہیں، فزا عابد ٹیم منیجر، ڈیوڈ ہیمپ ہیڈ کوچ، ارشد خان اورکامران حسین اسسٹنٹ کوچ، صبور احمد استینتھ اینڈ کنڈیشن کوچ، زبیر احمد انالسٹ، ڈاکٹر رفعت اصغر گل ہیڈ فزیوتھراپسٹ اور رابعہ صدیق فزیوتھراپسٹ ہوں گی۔

واضح رہے کہ ہوم سیریز کیلیے پاکستان ویمنز ٹیم کا تربیتی کیمپ ہفتے سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کراچی میں شروع ہورہا ہے، کیمپ 5 نومبر تک جاری رہے گا، شیڈول کے مطابق مہمان  ٹیم یکم نومبر کو دورہ پاکستان پر کراچی پہنچے گی، 4 تا7 نومبر دونوں ٹیموں کی پریکٹس اور ٹریننگ سیشنز ہونگے، ون ڈے میچز8،11 اور14 نومبر کو ہوں گے جس کے بعد 16 نومبر کو زمبابوے روانگی طے ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔