ورلڈکپ؛ سخت ترین کوویڈ پروٹوکولز کا نفاذ

سلیم خالق  ہفتہ 23 اکتوبر 2021
ہوٹل میں ٹیموں کے لیے الگ لفٹ، ڈائننگ ایریاز،جم اور پول ۔ فوٹو : فائل

ہوٹل میں ٹیموں کے لیے الگ لفٹ، ڈائننگ ایریاز،جم اور پول ۔ فوٹو : فائل

 دبئی:  ورلڈکپ کے دوران سخت ترین کوویڈ پروٹوکولز کا نفاذ کیا گیا ہے۔

یو اے ای میں آئی سی سی نے کھلاڑیوں کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے سخت ترین انتظامات کیے ہوئے ہیں، ٹیموں کو مختلف ہوٹلز میں ٹھہرایا گیا ہے،پاکستان ٹیم کا قیام فیسٹیول سٹی کے ایک ہوٹل میں ہے،پی ایس ایل کے لیے ٹیمیں وہیں اور متصل ہوٹل میں رہا کرتی تھیں۔

ساحل سمندر پر واقع ہوٹل میں دیگر لوگ بھی قیام پذیر ہیں مگر انھیں بائیو ببل میں شامل افراد کے مقامات پر جانے کی اجازت نہیں، لفٹ بھی الگ استعمال کی جاتی ہیں، ناشتے،کھانے کا مقام،پول اور جم بھی الگ ہے۔

ہوٹل میں ایک ہی دروازہ ہے اس لیے جب ٹیمیں اسٹیڈیم جا رہی ہوتی ہیں تو ان کیلیے بورڈز لگا کر الگ راستہ بنایا جاتا ہے، اس دوران کوئی غیر متعلقہ فرد قریب نہیں جا سکتا،پاکستانی ٹیم کے کئی کھلاڑی اور آفیشلز فیملیز کو بھی ساتھ لائے ہیں، ان کو بھی بائیو ببل کے قوانین پر مکمل عمل کرنا ہوتا ہے، البتہ کھلاڑیوں کو ملنے والی سہولتوں سے وہ استفادہ کر سکتے ہیں۔

پاکستانی ٹیم کے کمرے ہوٹل میں دو فلورز پر ہیں جہاں باہر سے کوئی مہمان نہیں آ سکتا، ویسٹ انڈین کرکٹرز بھی اسی ہوٹل میں ٹھہرے ہوئے ہیں۔

ایک ٹیم آفیشل نے بتایا کہ بعض کھلاڑیوں کے بچے اکثر ضد کرتے ہیں کہ ہوٹل کے ساتھ موجود شاپنگ مال میں ہی جانے کی اجازت دے دی جائے مگر قوانین کے تحت ایسا ممکن نہیں، ماضی میں کھلاڑیوں کی فیملیز ساتھ آ کر یو اے ای میں خوب سیر و تفریح کرتی تھیں مگر دور کورونا کے مخصوص حالات میں ایسا ممکن نہیں اور انھیں زیادہ تر وقت کمروں میں ہی گذارنا پڑ رہا ہے۔

آئی سی سی نے بائیو ببل کے تھکا دینے والے ماحول میں ذہنی دباؤسے بچانے کے لیے کرکٹرز کو فیملیز ساتھ لانے کی اجازت دی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔