گھر کی دہلیز پر ڈکیتی کے دوران خاتون اور ڈاکو آپس میں گتھم گتھا، ویڈیووائرل

ویب ڈیسک / ساجد رؤف  پير 1 نومبر 2021
خاتون کی مزاحمت پر ڈاکو نے خاتون کے منہ پر مکے اور تھپڑ بھی مارے۔ فوٹو:اسکرین گریپ

خاتون کی مزاحمت پر ڈاکو نے خاتون کے منہ پر مکے اور تھپڑ بھی مارے۔ فوٹو:اسکرین گریپ

کراچی: گلشن اقبال گھر کی دہلیز پر ڈکیتی کے دوران خاتون اور ڈاکو گتھم گتھا ہوگئے، تاہم ڈاکو خاتون سے سونے کا لاکٹ چھین کر باآسانی فرار ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی شہر میں ڈاکو دندناتے پھر رہے ہیں، شہریوں کا کوئی پرسان حال نہیں، اور اب تو ڈاکو وارداتوں کے دوران خواتین پر تشدد بھی کرنے لگے ہیں، ایسا ہی واقعہ گلشن اقبال بلاک 13 ڈی ون میں پیش آیا جہاں موٹرسائیکل سوار ملزمان نے گھر کی دہلیز پر خاتون کو لوٹا اور مزاحمت پر تشدد کا نشانہ بھی بنایا، واقعے کی سی سی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ خاتون اپنے گھر داخل ہونے کے لئے دہلیز پر کھڑی ہی ہوئی تو عقب سے آنے والے ڈاکو نے خاتون کی گردن پر ہاتھ رکھا اور چین چھیننے کی کوشش کی، تاہم خاتون نے تھوڑی مزاحمت کی تو ڈاکو نے خاتون کے منہ پر مکے مارے، اور خاتون کے گلے سے چین اتارنے کی کوشش کے دوران منہ پر تھپڑ بھی مارے، اور چین چھین کر اپنے ساتھی کی موٹر سائیکل پر بیٹھ کر باآسانی فرار ہوگئے۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دونوں ملزمان چین چھین کر بھاگنے لگے تو  ایک راہ گیر کا سامنا ہوگیا، وہ ملزموں کی طرف بھاگا تو ملزمان موٹرسائیکل پر دوسری جانب فرار ہوگئے، فوٹیج میں موٹرسائیکل سوار ملزموں کے چہرے واضح ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔