دس لاکھ پاکستانیوں کی سگریٹ چھڑانے کیلیے ملک گیر مہم کا آغاز

ایکسپریس رپورٹر  منگل 2 نومبر 2021
اکثر سگریٹ نوش افراد تب ہی سگریٹ چھوڑتے ہیں کہ جب وہ سگریٹ نوشی سے وابستہ کسی بیماری کا شکار ہوجائیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اکثر سگریٹ نوش افراد تب ہی سگریٹ چھوڑتے ہیں کہ جب وہ سگریٹ نوشی سے وابستہ کسی بیماری کا شکار ہوجائیں۔ (فوٹو: انٹرنیٹ)

اسلام آباد: ملک بھرمیں سگریٹ نوشی کرنے والوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانیوں کو سگریٹ چھوڑنے کی ضرورت سے آگاہ کرنے کےلیے ملک بھر میں آگاہی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن فاراسموکنگ آلٹرنیٹیوز پاکستان ملک بھر میں سگریٹ نوشی کرنے والوں کو مشاورت اور مدد فراہم کرنے کےلیے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے 10 لاکھ تمباکو نوش افراد کی زندگیوں سے سگریٹ کو ختم کرنے میں مدد فراہم کرے گی۔

برطانیہ میں ہر سال اکتوبر کے مہینے میں تمباکو نوشی کرنے والے افراد کو تمباکو نوشی چھوڑنے کےلیے ایک مہم منعقد کی جاتی ہے۔ اس سال اس مہم کے بہت عمدہ نتائج سامنے آئے۔ اس سال نومبر 2021 میں پاکستان میں بھی اسی طرح کی مہم شروع کرنے کا عزم کیا گیا ہے تاکہ لوگوں میں آگاہی پیدا کی جا ئے اور ان کی صحت کو بہتر بنایا جاسکے۔

تقریباً تمام سگریٹ نوشی کرنے والے افراد سگریٹ سے وابستہ خطرات کو سمجھتے ہیں لیکن ان کا استعمال تب تک جاری رکھتے ہیں کہ جب تک وہ دل کی بیماریوں، کینسر یا سگریٹ کے استعمال سے وابستہ دیگر امراض کا شکار نہ ہو جائیں۔ ایسوسی ایشن فار اسموکنگ آلٹرنیٹس پاکستان جیسی تنظیموں اور ریگولیٹری اتھارٹیز کا کردار ہے کہ وہ ابھی لوگوں کو سگریٹ چھوڑنے پر مجبور کریں، ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن فار اسموکنگ آلٹرنیٹس پاکستان کے بانی اور سی ای او عبیر مرزا نے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسوسی ایشن فار اسموکنگ آلٹرنیٹیوز پاکستان، انضباطِ تمباکو (ٹوبیکو کنٹرول) کی پالیسیوں اور حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی حمایت کرتی ہے تاہم گزشتہ دہائی میں سگریٹ کے استعمال سے متعلق اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ان سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوئے۔

تازہ اعداد و شمار سے پتا چلتا ہے کہ عالمی سطح پر تمباکو نوشی کی شرح میں کمی کے باوجود، تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد اب بھی ایک ارب سے زیادہ ہے جن میں سے 80 فیصد کم اور درمیانی آمدنی والے ممالک ہیں، جس کی وجہ صحت عامہ کے زیادہ اخراجات ہیں۔

ایک کروڑ 50 لاکھ سے زائد سگریٹ نوش افراد کے ملک میں، پاکستان کو سگریٹ کے صحت عامہ پر پڑنے والے اثرات کو روکنے میں مدد کےلیے جدید حل کی اشد ضرورت ہے۔ اس آگاہی مہم کے ذریعے ایسوسی ایشن فار اسموکنگ آلٹرنیٹس پاکستان کا مقصد سگریٹ نوشی کے مضر صحت اثرات کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا ہے جن سے برطانیہ، یورپ اور جاپان جیسے دیگر ممالک کامیاب رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن فار اسموکنگ آلٹرنیٹیوز پاکستان، ایسے ہم خیال افراد کا ایک اتحاد ہے جو پاکستان میں سگریٹ نوشی کی شرح کو نمایاں طور پر کم کرنے میں مدد کرنے کےلیے تمباکو نوشی کرنے والوں اور پالیسی سازوں کے درمیان سائنسی طور پر ثابت شدہ تمباکو نوشی کے متبادل ذرائع کو اپنانے کی وکالت کرتا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔