11 ہزار رنز کا سنگ میل سنگاکارا نے برائن لارا کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

سابق ویسٹ انڈین بیٹسمین سے پانچ اننگز قبل یہ کارنامہ انجام دے دیا


Sports Desk February 06, 2014
مجموعی طور پر سنگاکارا 11 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے دنیا کے نویں کھلاڑی بنے ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

کمارسنگاکارا نے بنگلہ دیش سے میچ میں رنز کے ساتھ ریکارڈز کا بھی انبار لگادیا، کیریئرکی پہلی ٹرپل سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے، برق رفتاری سے 11 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے میں سب پر بازی لے گئے، زیادہ مرتبہ 200 کے ہندسے تک پہنچنے میں برائن لارا کی برابری کرلی۔

تفصیلات کے مطابق سری لنکا کے اسٹار بیٹسمین کمارسنگاکارانے بنگلہ دیش کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں 319 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، یہ پہلی مرتبہ ہے کہ وہ اپنے 13 برس کے کیریئر میں ٹرپل سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے ہیں، اس طرح وہ اپنے ملک کے یہ کارنامہ انجام دینے والے تیسرے کھلاڑی بن گئے ہیں، ان سے قبل سنتھ جے سوریا اور مہیلا جے وردنے یہ سنگ میل عبور کرچکے ہیں، اپنی اس اننگز کے دوران سنگاکارا نے تیزی سے 11 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے کھلاڑی کا بھی اعزاز حاصل کیا۔

 photo 9_zpsc66d02a6.jpg

انھوں نے پانچ اننگز سے برائن لارا کا ریکارڈ توڑا، مجموعی طور پر سنگاکارا 11 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے والے دنیا کے نویں کھلاڑی بنے ہیں، چٹاگانگ میں 319 رنز کی اننگز کی وجہ سے اب ان کے اس فارمیٹ میں مجموعی رنزکی تعداد 11046 ہوچکی ہے جوکہ انھوں نے 122 میچز میں اسکور کیے ہیں۔سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز اسکور کرنے کا اعزاز سچن ٹنڈولکر کو ہے جنھوں نے15921 رنزبنائے ہیں،آسٹریلیا کے رکی پونٹنگ 13378 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، جیکس کیلس نے 166 میچز میں 13289 رنز بنائے ہیں۔کمارسنگاکارا نے اپنی اس اننگز کے دوران برائن لارا کا 9 ڈبل سنچریوں کا ریکارڈ بھی برابر کیا، اب دونوں یکساں طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں انگلینڈ کے ڈان بریڈ مین نے اسکور کی ہیں۔