فوجیوں میں اخلاقی اقدار کی کمی پریشانی کا باعث ہےامریکی وزیر دفاع

چک ہیگل نے مسلح افواج کے سربراہان کو معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کا حکم دیا ہے، ایڈمرل جان کربے


AFP February 06, 2014
جک ہیگل نے فوجیوں کے مخلتف اسکینڈلز منظرعام پر آنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا، فوٹو؛ فائل

امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے کہا ہے کہ مسلح افواج میں اخلاقی اقدار کی کمی پریشانی کا باعث ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق ریئر ایڈمرل جان کربے کا کہنا ہے کہ امریکی وزیر دفاع چک ہیگل نے فوجیوں میں تیزی سے گرتی ہوئی اخلاقی اقدار کے خاتمے کے مخلتف اسکینڈلز منظرعام پر آنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلح افواج کے سربراہان کو معاملے کو جلد از جلد حل کرنے کا حکم دیا ہے۔ جان کربے کا کہنا تھا کہ چک ہیگل نے فوجی سربراہان کو ملٹری اکیڈمیز اور کالجز میں فوجیوں بالخصوص فوجی افسران کی اخلاقی تربیت میں بہتری لانے کے لئے بھی ہنگامی بنیادوں پر انتظامات کرنے کا کہا ہے ۔

واضح رہے کہ امریکی حکام نے گزشتہ برس دسمبر میں امتحان کے دوران نقل کرنے اور موبائل میسیج کے ذریعے دوسروں کو پیشگی امتحان کا نتیجہ بتانے اور مدد کرنے کے الزام میں 30 فوجی پکڑے گئے تھے جب کہ اس واقعے سے ایک ہفتہ قبل بھی کیمیائی ہتھیار داغنے والی فورس کے 92 افسران بھی امتحان کے دوران نقل کرتےہوئے پکڑے گئے تھے۔ اس کے علاوہ امریکی جنرلز اور ایڈمرلز پر بھی مے نوشی اورغیر ملکی دوروں کے دوران جوئے بازی کے مقدمات کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔