نتائج میں تاخیر انٹر کامرس و آرٹس طلبہ کو داخلہ ٹیسٹ دینے کی اجازت

انٹربورڈ کراچی کی انتظامیہ انٹر کامرس وآرٹس (ریگولر اور پرائیویٹ) دونوں ہی کے نتائج 4 ماہ بعد بھی جاری نہیں کرسکی ہے


Safdar Rizvi November 26, 2021
 ایڈمیشن پورٹل پر ایسے طلبہ کیلیے داخلہ فارم جمع کرانے کی سہولت دیدی جن کے نتائج جاری نہیں ہوئے ،پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی فوٹو : فائل

جامعہ کراچی نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے انٹر کامرس و آرٹس کے نتائج میں تاخیر کے سبب نتائج کے بغیر داخلہ فارم جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔

نتائج کے منتظر ہزاروں طلبہ اب داخلہ ٹیسٹ میں شرکت بھی کرسکیں گے، یاد رہے کہ جامعہ کراچی کے تحت انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر داخلے دینے والے شعبوں میں ایڈمیشن کا آغاز 22 نومبر سے ہوچکا ہے تاہم انٹر بورڈ کراچی کی انتظامیہ انٹر کامرس و آرٹس (ریگولر اور پرائیویٹ) دونوں ہی کے نتائج 4 ماہ بعد بھی جاری نہیں کرسکی ہے جس کے سبب شہر کے ہزاروں طلبہ سخت پریشانی اور اضطراب کا شکار تھے جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے" ایکسپریس" کو بتایا کہ ''داخلہ کمیٹی کی جانب سے ایڈمیشن پورٹل پر ایسے طلبہ کے لیے داخلہ فارم جمع کرانے کی سہولت دے دی گئی ہے۔

جن کے نتائج تاحال جاری نہیں ہوئے ہیں داخلہ پورٹل ایسے طلبہ کی درخواست متعلقہ کالم کیساتھ قبول کرے گا وائس چانسلر نے مزید بتایا کہ نتائج سے محروم ایسے طلبہ پہلے 5 دسمبر کو ہونے والے ویژول اسٹڈیز جبکہ 12 دسمبر کو ہونے والے دیگر مختلف شعبوں کے انٹری ٹیسٹ میں شریک ہوسکیں گے اور محض نتائج نہ آنے کے سبب ہم شہر کے کسی طالب علم کو داخلے سے محروم یا داخلے کے عمل سے باہر نہیں کریں گے'' یاد رہے کہ انٹر بورڈ کراچی کی انتظامیہ اب تک کامرس و آرٹس سال 2021 کے نتائج کے اجرا میں ناکام ہے جبکہ ان دونوں فیکلٹیز سے انٹرمیڈیٹ کرنے والے طلبہ کے لیے جامعہ کراچی داخلہ ٹیسٹ کی بنیاد پر ویزول اسٹڈیز، کامرس ، بزنس ایڈمنسٹریشن، پبلک ایڈمنسٹریشن، جرمیات، تعلیم ابلاغ عامہ، بین الاقوامی تعلقات، خصوصی تعلیم، اسکول آف لا اور ٹیچر ایجوکیشن میں داخلے شروع کرچکی ہے۔

ادھر ایک سوال کے جواب میں شیخ الجامعہ کا کہنا تھا کہ ''اگر داخلوں کے عمل میں مزید تاخیر کرتے تو یونیورسٹی کا سیشن بھیتاخیر کاشکار ہوجاتا تاہم اگر نتائج میں مزید تاخیر ہوئی تو ہمیں میرٹ لسٹ کے اجرا میں مزید تاخیر کرنی ہوگی '' یاد رہے کہ انٹر بورڈ کراچی کی جان سے میڈیکل اور انجینئرنگ کے داخلوں کے بروقت اجرا نہ ہونے سے تاریخ میں پہلی بار این ای ڈی یونیورسٹی کو بی ای سمیت دیگر ضابطوں میں داخلے میٹرک کی بنیاد پر دینے پڑے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں