ویمنز کوالیفائر ختم، پاکستان ورلڈ کپ میں پہنچ گیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 28 نومبر 2021
ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش نے بھی بہتر رینکنگ پر میگا ایونٹ کا ٹکٹ پالیا۔ فوٹو : فائل

ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش نے بھی بہتر رینکنگ پر میگا ایونٹ کا ٹکٹ پالیا۔ فوٹو : فائل

کراچی: افریقی ملکوں میں کورونا کی نئی قسم سامنے آنے پر ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر ختم کردیے گئے جب کہ آئی سی سی نے اس کا اعلان ہفتے کو کردیا۔

ورلڈ گورننگ باڈی نے ایونٹ کو روکنے کا فیصلہ وائرس سے متعلق اپنی تشویش پر کیا ہے، اب یہ سوچا جائیگا کہ شریک ٹیموں کو بحفاظت ان کے ملکوں میں کیسے واپس پہنچایا جائے، میگا ایونٹ آئندہ برس نیوزی لینڈ میں شیڈول ہے، تاہم نئے وائرس کے خطرے کی وجہ سے پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کو رینکنگ پر انحصار کرنا ہوگا۔

جنوبی افریقہ میں گزشتہ دنوں کورونا کی نئی لہر وارد ہوجانے پر انگلینڈ سمیت کئی بیشتر ملکوں نے افریقی پروازوں کو ریڈ لسٹ میں شامل کردیا ہے، ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر روکنے کا فیصلہ لیگ  کے ابتائی مرحلے میں کیا گیا ہے۔

شریک 9 ٹیموں سے 3 کا ورلڈ کپ کے لیے چناؤ ہونا تھا، تاہم اب کوالیفائرز کا فیصلہ ٹیموں کی رینکنگ کی بنیاد پر کرلیا گیا، بنگلادیش، پاکستان اور ویسٹ انڈیز کو کیوی دیس جانے کا پروانہ مل گیا ہے۔

آئی سی سی کے ہیڈآف ایونٹس کرس ٹیٹلی کا کہنا تھا کہ ہم انتہائی مایوسی کے ساتھ ایونٹ کو منسوخ کرنے کا اعلان کررہے ہیں، افریقی ملکوں میں تیزی سے عائد ہونے والی سفری پابندیوں کے بعد اب ہمارے لیے شریک ٹیموں کو ان کے اپنے وطن واپس بھجوانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا، ہمارے پاس ایونٹ کو مکمل کرنے کے لیے کئی آپشن تھے لیکن یہ قابل عمل نہیں تھے اور ہم ٹیموں کو جلد از جلد زمبابوے سے نکالیں گے۔

آئندہ برس ورلڈ کپ کے لیے اب آسٹریلیا، انگلینڈ، بھارت، جنوبی افریقہ اورمیزبان نیوزی لینڈ کے ساتھ پاکستان، ویسٹ انڈیز اور بنگلادیش کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ میگا ایونٹ نیوزی لینڈ میں 4 مارچ سے 3 اپریل 2022 تک شیڈول ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔