ویسٹ انڈیز سے سیریز؛ اسٹیڈیم شائقین سے مکمل بھرا ہوگا

ایکسپریس نیوز  جمعرات 2 دسمبر 2021
کراچی میں ٹکٹس کی فروخت کل شروع ہونے کا امکان
 ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں ٹکٹس کی فروخت کل شروع ہونے کا امکان ۔ فوٹو : فائل

 لاہور: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کراچی میں 13 دسمبر سے شروع ہونے والی سیریز میں اسٹیڈیم شائقین سے مکمل بھرا ہوگا۔

پی سی بی کی درخواست پرنیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے 100فیصد گنجائش کے مطابق شائقین کو آنے کی اجازت دے دی ہے۔ پاکستان سپر لیگ میں تماشائیوں کو اجازت دینے کا فیصلہ دسمبر کے تیسرے ہفتے میں ہوگا۔

ذرائع کے مطابق 13 سے 22 دسمبر تک شیڈول ٹی ٹوئنٹی اور ون ڈے سیریز کے ٹکٹس کی فروخت جمعے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔سب سے مہنگا ٹکٹ ایک ہزار روپے کا رکھا جائے گا،500 اور 250 روپے کے ٹکٹس بھی دستیاب ہوں گے۔ ویکسی نیشن کرانے والے 12 سال تک کے بچے بھی اہل خانہ کے ساتھ اسٹیڈیم آکر میچ سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

این سی او سی کی طرف سے ہدایات کے تحت تماشائیوں کومیچ کے دوران ماسک لگانا ضروری ہوگا۔کوویڈ پروٹوکول کی پالیسی پرعمل درآمد لازمی قرار دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 9 دسمبرکوکراچی پہنچ رہی ہے۔سیریز میں 3 ٹی ٹوئنٹی اور اتنے ہی ایک روزہ میچز کھیلے جائیں گے۔کوویڈ صورتحال میں تماشائیوں سے بھرے اسٹیڈیم میں ہونے والی یہ پہلی سیریز ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔