حیدرعلی نے ڈبل سنچری کا کارنامہ انجام دے دیا

اسپورٹس رپورٹر  جمعرات 2 دسمبر 2021
 سینٹرل پنجاب کیخلاف قائداعظم ٹرافی کے میچ میں ناردرن کی گرفت مضبوط . فوٹو : فائل

 سینٹرل پنجاب کیخلاف قائداعظم ٹرافی کے میچ میں ناردرن کی گرفت مضبوط . فوٹو : فائل

 کراچی:  قائداعظم ٹرافی کے ساتویں راؤنڈ میں حیدر علی نے ڈبل سنچری کا کارنامہ انجام دے دیا۔

این بی پی اسپورٹس کمپلیکس کراچی میں دوسرے روز ناردرن نے 3 وکٹ پر 323 رنز کے ساتھ اننگز شروع کی اور8 وکٹیں گنوا کر445 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئرڈ کردی،147 رنز کے ساتھ کریز پر آنے والے حیدر علی نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈبل سنچری مکمل کی۔

ان کے206 رنز میں 27 چوکے اور 4 چھکے شامل رہے،فیضان ریاض نے 67رنز بنائے، محمد علی نے 3 جبکہ احمد صافی عبداللہ اور عثمان قادر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جواب میں سینٹرل پنجاب نے 223 رنز پر 8 وکٹیں گنوا دیں،حسین طلعت 51، عمران ڈوگر43، محمد سعد38اور علی زریاب37 رنز کے ساتھ نمایاں رہے،حارث رؤف نے41 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

دوسری جانب اسٹیٹ بینک اسپورٹس کمپلیکس پر سندھ کے کپتان اسد شفیق اور خرم منظور نے خیبر پختونخوا کے خلاف ففٹیز جڑ کر ٹیم کو مشکلات سے نکال لیا،پہلی اننگز میں 145رنز پر ڈھیر ہونے والی ٹیم نے دوسری باری میں 2وکٹ پر137رنز بنالیے،خرم منظور 59 اور اسد شفیق 50 رنزپر ناٹ آؤٹ ہیں۔

اس سے پہلے 2 وکٹ پر 124 رنز سے کھیل کا آغاز کرنے والی خیبر پختونخوا کی ٹیم9 وکٹ پر 265 رنز بناکر پہلی اننگز ڈیکلیئرڈ کردی تھی، مصدق احمد 75،آصف آفریدی 50 اور افتخار احمد 40رنز بنانے میں کامیاب رہے،سہیل خان نے 5 اور امیر حمزہ نے 3کھلاڑیوں کو آؤٹکیا، شاہ نواز دھانی کے حصے میں ایک وکٹ آئی،یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس پر بلوچستان نے پہلی اننگز میں 4 وکٹ پر276 رنز بنا لیے، شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بنائی۔

ان کے 105 رنز میں 17 چوکے اور ایک چھکا شامل رہا،ایاز تصور 58 اور کپتان بسم اللہ خان 57 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں،عمر اکمل نے17 رنز بنائے،قبل ازیں سدرن نے 2وکٹ پر 327رنزکے ساتھ  پہلی اننگز شروع کی اور 483 پر اختتام کیا،سلمان علی آغا نے 135کی اننگز کھیلی، یوسف بابر 119 پر ناٹ آؤٹ رہے،عامر یامین نے 43 اور اعظم خان نے 14 رنز بنائے، خرم شہزاد اور عاقب جاوید نے3،3جبکہ کاشف بھٹی نے 2کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔