ایشیائی اسپنرز نے دنیا پر دھاک بٹھادی

اسپورٹس ڈیسک  پير 6 دسمبر 2021
اننگز میں 10 وکٹیں اڑانے والے ممبئی کے پیدائشی کیوی بولر اعجاز پٹیل کے چرچے ۔ فوٹو : فائل

اننگز میں 10 وکٹیں اڑانے والے ممبئی کے پیدائشی کیوی بولر اعجاز پٹیل کے چرچے ۔ فوٹو : فائل

نئی دہلی:  ایشین اسپن ماسٹرز دنیا میں چھانے لگے جب کہ بھارتی نڑاد اسپنر اعجاز پٹیل نے اپنے آبائی وطن کیخلاف ہی کیویز کے لیے اننگز میں 10 شکار کا کارنامہ انجام دیکر تہلکہ مچادیا۔

ایک تجزیے میں اس کو اجاگر کیا گیا ہے کہ دنیا بھر کے دیگر ممالک کی نمائندگی کرنے والے ایشین نڑاد اسپنرز سردست عالمی کرکٹ کے افق پر چھائے ہوئے ہیں، ان میں اعجاز پٹیل کے علاوہ کیویز میں شامل ایش سودھی بھی بھارتی نژاد ہیں۔

اسی طرح عمران طاہر بھی ماضی میں پاکستان جونیئر ٹیم کی نمائندگی بھی کرچکے تھے، معین علی اور عادل راشد انگلش ٹیم کے لیے وائٹ بال کرکٹ میں خدمات انجام دے رہے ہیں، تبریز شمسی اور کیشو مہاراج کے بھی آباو اجداد کا تعلق بھارت سے رہا ہے، عمران طاہر ٹوئنٹی 20 ورلڈ کپ سے پہلے تک جنوبی افریقی ٹیم کا اہم ممبر شمار ہوتے تھے۔

اعجاز پٹیل نے ممبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں تمام 10 بھارتی وکٹیں اڑاکر تاریخ میں تیسرا بولر کا اعزاز پایاہے، ان سے قبل انیل کمبلے اور جم لیکر یہ منفرد کارنامہ انجام دے پائے تھے، اس سے قبل اعجاز پٹیل نے 2018 میں پاکستان کیخلاف ڈیبیو میچ میں عمدہ پرفارمنس پیش کی تھی جس میں کیویز نے 4 رنز سے کامیابی پائی تھی۔

ممبئی میں پیدا ہونے والے اعجاز اب 33 برس کے ہیں، ان کے والدین نے 1996 میں جس وقت نیوزی لینڈ ہجرت کی تھی تو اعجاز پٹیل کی عمر محض 8 برس تھی، انھوں نے اپنے ” ہوم ” گراؤنڈ پر 10 وکٹوں کی پرفارمنس پیش کرکے تاریخ میں خود کو امر کرلیا، ان سے قبل ایک اور بھارتی اسپنر دیپک پٹیل نے 1992 ورلڈ کپ میں کیویز کے لیے نئی گیند سے بولنگ کراکے بڑی شہرت سمیٹی تھی۔

ان کے بعد جیتن پٹیل نے بھی نیوزی لینڈ کی نمائندگی کرتے ہوئے کئی کارہائے نمایاں انجام دے رکھے ہیں اور وہ ابھی انگلش اسپن بولنگ کنسلٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں، لیگ اسپنر ایش سودھی بھی ٹوئنٹی 20 کرکٹ میں کیویز کا اہم ہتھیار ہیں۔

ماضی قریب میں سکھ اسپنر مونٹی پنیسر بھی انگلینڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں، انھوں نے 2012 کے ممبئی ٹیسٹ میں 11 وکٹیں لیکر ہموطنوں کو چونکا دیا تھا، آسٹریلیا بھی نئے شین وارن کی تلاش میں سرگرداں ہے۔ انھوں نے پاکستانی نڑاد فواد احمد کو بھی آزمایا ہے۔

معین علی اور عادل راشد انگلینڈ میں پلے بڑھے ہیں لیکن ان کے بھی آباواجداد کا تعلق پاکستان سے رہا ہے، دونوں انگلش کرکٹ میں اچھے نتائج دیتے رہے ہیں، معین علی اپنی آل راؤنڈ خوبیوں کی بدولت دنیا بھر میں ہونے والی ٹوئنٹی 20 لیگز میں بھی نظر آتے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔