علمِ فلکیات کی روشنی میں آپ کا یہ ہفتہ

 اتوار 19 دسمبر 2021
20تا 26 دسمبر 2021

20تا 26 دسمبر 2021

برج حمل
سیارہ مریخ،21 مارچ تا20اپریل
اندرونِ ملک اور بیرون ملک کا سفر ہوسکتا ہے۔ کوئی اہم شخص آپ کا مہمان بھی ہوسکتا ہے۔ آپ کے بچوں میں سے کوئی سفرکرسکتا ہے۔ اس کی وجہ اس کی اعلٰی تعلیم کا حصول ہوسکتا ہے۔ آپ کا ذاتی سیارہ پچھلے دنوں کم زور پوزیشن میں رہا ہے۔ ایسے وقت میں کوئی بڑی پریشانی کا سامنا بھی ہوسکتا ہے لیکن اب اس ہفتے اس مشکل سے کافی حد تک نکل آئیں گے، اگر کسی کیس کا سامنا ہے تو ممکن ہے کوئی حل نکل آئے۔ 18 تاریخ کو اپ کی کی گئی کوشش رنگ لائیں گی اور آپ کو مالی فائدہ بھی ہوسکتا ہے۔

برج ثور
سیارہ زہرہ،21اپریل تا 20 مئی
مریخ آپ کے ساتویں گھر موجود ہے۔ آپ مرد ہیں تو آپ کی اہلیہ کا رویہ خاصا مردانہ ہوسکتا ہے، اور آپ کا اس کے الٹ! ساتھی کا لہجہ اور رویہ گرم اور جارحانہ ہوسکتا ہے۔ کوشش کیجیے کہ آپ مرد ہیں تب بھی برداشت کریں اور خاتون ہیں تب بھی نظرانداز کیجیے کیوںکہ یہ کچھ دنوں کا معاملہ ہے۔ ایسا نہ ہو کہ اس چھوٹے سے معاملے کی وجہ سے آپ کوئی بڑا بگاڑ پیدا کرلیں۔ اپنی بازار میں موجود دکان، فیکٹری یا آفس کی لائٹ کا مین سوئچ بند کردیا کریں، اور کوشش کریں کہ کوئی آتشیں مواد وہاں نہ ہو۔

برج جوزا
سیارہ عطارد،21مئی تا 21 جون
مشتری آپ کے مقدر کے مقام پر جارہا ہے۔ یہاں شراکت داری سے فوائد کا راستہ کھل سکتا ہے، آپ کی توجہ بچوں کی صحت پر مرتکز ہونی چاہیے، کیوںکہ یہاں زہرہ جو گلے اور نچلے حصے کا نمائندہ ہے کم زور مقام پر ہے۔ آپ کی تخلیقی صلاحیتیوں میں ایک نیا اور گہرائی کا عنصر آسکتا ہے۔ آپ کا سیارہ عطارد مشتری کے گھر میں یہاں بازار میں کوئی شخص کہ جس جس کی تاریخ پیدائش اگست کی ہوسکتی ہے، آپ کی زندگی کا حصہ بن سکتا ہے۔ یہ ہونے والی ملاقات آپ کے لیے اہم ہوسکتی ہے۔ 18 اور 19 تاریخ کو چاند مکمل جوانی پر ہوگا، مالی فائدہ ہوسکتے ہیں۔

برج سرطان
سیارہ قمر،22جون تا 23 جولائی
19 تاریخ کو چودھویں کا چاند آپ کے اخراجات کو بڑھا سکتا ہے۔ اس میں بزنس انویسٹمنٹ بھی ہوسکتی ہے اور صحت سے متعلق بھی ہوسکتا ہے، یہاں عطارد سورج کے ساتھ ہے تو حکومت کے کسی قانون کی نظر بھی پڑسکتی ہے، کوئی جرمانہ بھی لگ سکتا ہے، کوئی پرانا لین دین جس کا تعلق بزنس کے حوالے سے ہے، مسئلہ کرسکتا ہے۔ آپ کا بزنس غیرمتوقع مسائل کا شکار ہوسکتا ہے۔ بظاہر آپ کو لگ رہا ہوگا کہ سب اچھا ہے لیکن کچھ مسائل گھات لگائے آپ کے کم زور ہونے کے منتظر ہیں۔

برج اسد
سیارہ شمس،24جولائی تا 23 اگست
یہاں آپ کسی فریب، محبت کے دامِ فریب کا شکار ہوسکتے ہیں، آپ کا ستارہ (سورج) محبت کے خانے میں ہے اور آپ کے تعلق کے خانے میں مشتری ہے جو کہ محبت کا سیارہ ہے۔ یہاں ایک سے زیادہ تعلق بن سکتے ہیں، اس کو بے راہ روی کہہ سکتے ہیں، لیکن آپ کے لئے اس صورت حال کو سمجھنا شاید آسانا نہ ہو، ہم بھی بس آپ کو الرٹ ہی کرسکتے ہیں، ہونی کو ٹالنا ممکن نہیں ہے، آپ کا یہ تعلق دیرپا نہیں ہوسکتا ہے اور اس میں سنجیدگی کا عنصر بھی کم ہے، کیوںکہ زحل اور زہرہ دونوں اس تعلق کو اس کی مطلوبہ توانائی نہیں دے رہے۔

برج سنبلہ
سیارہ عطارد،24 اگست تا 23 ستمبر
آپ کا سیارہ سورج کے ساتھ کیریئر کو دیکھ رہا ہے، سورج اخراجات کا نمائندہ ہے۔ یہاں آپ کو اپنے جاری کاموں میں نفع نقصان کا ادراک اور احساس ہوگا، چوںکہ یہاں زہرہ ساتھ نہیں ہے اس لیے نقصان کا احساس زیادہ ہوگا۔ 18 اور 19 دسمبر کے چاند کی بھرپور روشنی نئے سرے سے منصوبہ بندی میں جان ڈال سکتی ہے، اور آپ اپنے کام کو نئے جذبے سے کرنے کا ارادہ کرسکتے ہیں۔ یہاں کسی مہربان کا تعاون بھی شامل حال ہوسکتا ہے، سورج یہاں گھٹن کا ماحول پیدا کرسکتا ہے جوکہ مستقبل کے لیے ایک مشعلِ راہ ہوسکتا ہے۔

برج میزان
سیارہ زہرہ،24 ستمبر تا 23اکتوبر
آپ کا سیارہ سست ہوچکا ہے، کیوںکہ یہ الٹی چال پر چلنے والا ہے، سیارے کچھ عرصے مستقیم یعنی سیدھے چلتے ہیں اور کچھ مخصوص ایام میں پیچھے یعنی الٹا چلتے ہیں۔ اس دوران سیارہ سست روی کا شکار ہوتا ہے۔ ایسے میں آپ خود کو عجب کیفیت میں محسوس کرسکتے ہیں، چوںکہ یہ چوتھے خانے میں ہے اس لیے مکان کی تعمیر و آرائش سے متعلق کچھ باتیں آپ کو پریشان کرسکتی ہیں، اور اسی سلسلے میں آپ کو سفر کرنا پڑسکتا ہے اور کچھ قریبی لوگوں سے اختلافِ رائے کا بھی امکان ہے۔ یہاں کچھ اجنبی لوگوں سے فائدہ مل سکتا ہے۔ ایسے لوگ آپ کے مہمان ہوسکتے ہیں جن کو آپ اس سے قبل نہیں جانتے تھے۔

برج عقرب
سیارہ پلوٹو،24 اکتوبر تا 22 نومبر
کیتو اگرچہ طالع میں مریخ کے ساتھ ہے لیکن یہاں آپ جارحانہ رویہ اختیار کرکے اپنے لیے مسائل کھڑے کرسکتے ہیں، آپ کی حد سے بڑھی خوداعتمادی آپ کو کسی الجھن میں ڈال سکتی ہے۔ اگرچہ خود پر قابو اس وقت آپ کے لیے کچھ آسان نہیں ہے لیکن کوشش کیجیے کہ آپ اس مشکل وقت سے بچ سکیں، خصوصاً جمعے اور ہفتے کے ایام میں زیادہ محتاط رہیں اور کوشش کریں کہ اپنے اعتماد کو بحال رکھیں۔ جمعے کو مالی فائدہ ہونے کا امکان ہے۔ اس وقت گاڑی یا نیا مکان بھی مل سکتا ہے۔ شریکِ حیات سے کچھ خواہ مخواہ کی غلط فہمیاں ہوسکتی ہیں، اس طرف دھیان لازم دیں۔

برج قوس
سیارہ مشتری،23 نومبرتا 22 دسمبر
اپنا بزنس شروع کرنے کا وقت ہے۔ آن لائن بزنس کے لیے موزوں وقت ہے۔ پیسہ انویسٹ کیا جاسکتا ہے۔ بڑے بھائی یا بہن کا تعاون حاصل ہوگا۔ ممکن ہے اس بزنس کے لیے وہ آپ کے شراکت دار بھی بن جائیں۔ آپ کے مقدر کا ستارہ سورج بزنس اور کیریئر کے سیارے کے ساتھ آپ کے طالع میں موجود ہیں، گویا آپ کو حالات بڑی تیزی اور آرام سے بزنس کی نئی سمت لے جائیں گے۔ آپ کے حلقے میں نئے لوگ بھی داخل ہوں گے، چھوٹے چھوٹے سفر ہوسکتے ہیں، کمیونیکیشن کا اس میں اہم کردار ہوسکتا ہے۔

برج جدی
سیارہ زحل،23 دسمبر تا 20 جنوری
مشتری، مریخ، زحل اور زہرہ کے ساتھ چاند بھی اس ہفتے شادی یا شادی جیسے بندھن کی نشان دہی کررہا ہے یا ممکن ہے کچھ دنوں کے لیے ملتوی ہوجائے، لیکن شادی کے لیے سیارے مکمل طور پر تیار ہیں، اگر ملتوی ہوتی بھی ہے تو کچھ ہی دنوں کے لیے ہوگی، بات پکی ہوسکتی ہے، جن احباب کی منگنی نہیں ہورہی تھی ان کے لیے یہ ایک خوشی لانے والا وقت ہوسکتا ہے، آپ کے والد، استاد یا ایسے ہی کسی بزرگ کو باہر کا سفر درپیش ہوسکتا ہے۔ ان کی صحت کا بھی خیال رکھیں۔ وہ کسی الجھن اور مشکل کا شکار بھی ہوسکتے ہیں۔

برج دلو
سیارہ یورنیس،21 جنوری تا 19 فروری
آپ کا تنہائی کا وقت ابھی ختم نہیں ہوا، کچھ لوگ جو کسی کیس میں جیل میں ہیں، کو کچھ آسانی مل سکتی ہے، جو روحانیت کی تلاش میں لوگوں سے کٹے ہوئے ہیں ابھی یہ سلسلہ یونہی چلے گا، بیرون ملک رہنے والے ابھی وہیں اپنے کام پر رہیں گے۔ لوگوں سے ملنا جلنا کم ہی ہوگا۔ یہ ہفتہ کام میں کچھ بہتری لائے گا۔ آرام کی جگہ پر سہولتیں زیادہ ہوں گی۔ ایک مشکل میں بھی آسانی ہوسکتی ہے، اخراجات زیادہ ہوں گے لیکن یہ اخراجات آپ کی دلی تسکین کا سبب بنیں گے۔ مرشد اور ماں کی دعا آپ کے ساتھ ہے۔

برج حوت
سیارہ نیپچون،20 فروری تا 20 مارچ
آپ کا سیارہ مشتری اور نیپچون (قدیمی اصول کے مطابق مشتری اور جدید کے حساب سے نیپچون ہے) دونوں حالتوں میں آپ کا حساس اور مہربان ہونا لازم ہے۔ 16 دسمبر کا چاند جو چودھویں کا ہونے کی وجہ سے بھرپور روشنی دے رہا ہوگا، بزنس اور کاروبار میں نئی روح پھونک سکتا ہے۔ ایک اچھا اور معاون وقت ہوسکتا ہے، چھوٹے بہن بھائی یا کچھ قریبی لوگ آپ کے بزنس میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں، اور بڑے بہن بھائی کی طرح آپ کا خیال رکھیں گے، کیوںکہ آپ ابھی درست انداز میں قدم اٹھانے کے قابل نہیں ہوئے اور ان کی محبت سمجھنے میں بھی آپ کو دقت کا سامنا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔