قائداعظم ٹرافی؛ کے پی نے فائنل کا ٹکٹ حاصل کرلیا

اسپورٹس رپورٹر  بدھ 22 دسمبر 2021
مشترکہ دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کو مات، فتح کے باوجود سندھ کا سفر ختم ۔ فوٹو : فائل

مشترکہ دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کو مات، فتح کے باوجود سندھ کا سفر ختم ۔ فوٹو : فائل

 کراچی: خیبرپختونخوا نے قائد اعظم ٹرافی کے فائنل کا ٹکٹ حاصل کر لیا جب کہ سینٹرل پنجاب کو 244 رنز سے شکست ہوگئی۔

یو بی ایل گراؤنڈ کراچی میں خیبرپختونخوا نے مشترکہ دفاعی چیمپئن سینٹرل پنجاب کوآؤٹ کلاس کر دیا، 495کے ہدف کا تعاقب کرنے والی ناکام سائیڈ 250 رنز بنا سکی،61 رنز بنانے والے عابد علی کو دوران بیٹنگ طبیعت خراب ہونے پر اسپتال جانا پڑا اور وہ دوبارہ بیٹنگ کیلیے واپس نہیں آ سکے۔

قبل ازیں سینٹرل نے بغیر کسی نقصان کے 130 رنز سے دوسری اننگز شروع کی، رضوان حسین 66 اور عابد علی 49 رنز کے ساتھ بیٹنگ کرنے کے لیے آئے،61 رنز کے ذاتی اسکور پر عابدعلی طبیعت خراب ہونے پر میدان بدر ہوگئے اور پھر واپس نہ آ سکے۔

رضوان حسین نے 67 رنز کی اننگز کھیلی،حسین طلعت نے46 رنز بنائے،اظہر علی صفر کی خفت کا شکار ہوئے،بلاول اقبال 18 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے،ثمین گل نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، عمران خان سینئر،افتخار احمد اور ساجد خان نے2،2وکٹیں لیں۔

دوسری جانب سندھ نے سدرن پنجاب کو 48 رنز سے شکست دے دی، 232رنز کے تعاقب میں ناکام ٹیم 183پرڈھیر ہوگئی، یوسف بابر 57، اعظم خان 25 اورنسیم شاہ 18رنز کے ساتھ نمایاں رہے،زاہد محمود نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو واپس پویلین بھیجا،محمد اصغر نے 3اور شاہنوازدھانی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا،5روزہ فائنل 25دسمبر سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔