حکومت اور طالبان فوری جنگ بندی کریں دھماکے مذاکرات کے خلاف سازش ہیں عمران خان

شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا گیاتوبھیانک نتائج نکلیں گے،طالبان کاقبائلی علاقےسےباہردفتر کھولاجائے،سربراہ تحریک انصاف


News Agencies/Numainda Express February 12, 2014
سابق چیف جسٹس نے مایوس کیا،عوامی مینڈیٹ چرانے والوں پرغداری کا مقدمہ چلناچاہیے،35 پنکچر لگانے والے کونوازا گیا، فوٹو: فائل

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پشاور میں دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک میں امن کے قیام کے لیے بات چیت سبوتاژ کرنے کی کوشش قراردیا ہے۔

مرکزی میڈیا آفس کے مطابق عمران خان کا کہنا ہے کہ قوم کودہشتگردی کے چنگل سے چھڑانے کے لیے مذاکرات کا عمل شروع کیا گیا ہے جسے آغاز میں ہی سازشوں کا سامنا ہے، ان کے مطابق ملک کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے والی قوتیں پوری طرح متحرک ہیں اور یکے بعد دیگر معصوم شہریوں کو نشانہ بنا کرامن کے قیام میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوششیں کر رہی ہیں جن کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انھوں نے زور دے کر کہا کہ مذاکرات کے ذریعے ملک میں پائیدارامن کے لیے فوری جنگ بندی ناگزیر ہے چنانچہ فریقین لڑائی روک کر مخلص انداز میں بات چیت کے عمل میں حصہ لیں اور اس نوعیت کی کارروائیاں کرنے والے عناصر کو بے نقاب کریں۔

علاوہ ازیں ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ امریکی لابی طالبان سے مذاکرات کو سبوتاژ کرنے کی بھرپورکوشش کرے گی اگر خدانخواستہ شمالی وزیرستان میں آپریشن کیا گیا تو اس کے بہت بھیانک نتائج برآمد ہوں گے، مذاکرات کامیاب بنانے کے لیے سب سے پہلے فائربندی، پھر طالبان کا قبائلی علاقے سے باہر کہیں بھی دفترکھولاجائے، القاعدہ سمیت تمام جنگجوؤں کو آئی ایس آئی اور سی آئی اے نے تیارکیا اور روس کے خلاف لڑنے کاکہا کہ یہ جہاد ہے لیکن اب امریکی وہاں آگئے تو یہ دہشتگردی ہے۔ ذکااشرف کی برطرفی پرعمران خان کا کہنا تھا کہ ذکااشرف کی تبدیلی ڈرامہ ہے، الیکشن میں 35 پنکچر لگانے والے نجم سیٹھی کودوبارہ چیئرمین پی سی بی لگادیا گیا۔

انھوں نے کہاکہ اگر مذاکرات ناکام ہوجاتے ہیں توآپریشن کیا جاسکتا ہے، اگرجنگ ناکام ہوجاتی ہے توپھر کیا کریں گے؟ انھوں نے کہا کہ امریکی لابی مزید دھماکے کرکے آپریشن کی فضا فضا قائم کرے گی۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے سینٹراعتزازاحسن کو قبائلی علاقوں کاکچھ پتہ نہیں، وہ طالبان سے مذاکرات پرتبصرے سے گریزکریں۔ آن لائن کے مطابق عمران خان نے کہاہے کہ طالبان سے مذاکرات سے پہلے سیز فائر ہونا چاہیے پشاورمیں سینماگھروں میں دھماکے امن مذاکرات کوسبوتاژکرنے کی سازش ہے۔ وزیراعلیٰ کے پی کے پرویز خٹک کو دھمکیاں مل رہی ہیں۔

علاوہ ازیں سپریم کورٹ میں دھاندلی کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ہماری درخواست پر نوٹس لے کرالیکشن کمیشن سے جواب طلب کرلیا ہے۔ اگر سابق چیف جسٹس 4حلقوں کا معاملہ دیکھ لیتے تو الیکشن میں ہونے والی دھاندلی سامنے آجاتی، جسٹس افتخار چوہدری نے مایوس کیا۔ عمران خان نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ چرانے والوں کیخلاف غداری کا مقدمہ چلنا چاہیے، الیکشن کمیشن کا کردار شرمناک ہے۔ چور، ڈاکوئوں کو پارلیمنٹ میں داخل ہونے سے نہ روکا گیا تو جمہوریت کو خطرات لاحق ہوجائیں گے، اگر قانونی راستے بند ہوگئے تو پھر ہم سڑکوں پر ہوں گے، ہم تمام شہروں کو بند کردیں گے۔

مقبول خبریں