سنڈے ایکسپریس سال نامہ 2021-22 ( ستمبر / اکتوبر)

تحریم قاضی  اتوار 2 جنوری 2022
سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔فوٹو : فائل

سنڈے ایکسپریس سال نامہ اسپیشل۔فوٹو : فائل

ایک عہد کا اختتام

یکم ستمبر کو کشمیری حریت راہ نما سید علی گیلانی92 برس کی عمر میں دار فانی سے کوچ کرگئے۔ وہ عرصہ طویل سے بیمار تھے۔ وہ صف اول کے حریت راہ نما اور سیاسی و سماجی شخصیت تھے۔ انھوں نے 2004 میں تحریک حریت کی بنیاد رکھی اور 2020 تک آل پارٹیز حریت کانفرنس کی صدارت کی۔ قابض بھارتی فوج نے ان کے جنازے کا اجتماع روکنے کے لیے کرفیو نافذ کردیا۔ ان کا جسدخاکی پاکستانی پرچم میں لپیٹا گیا جس پر ان کے اہل خاندان کے خلاف بھارتی فوج کی جانب سے ایف آئی آر بھی درج کروائی گئی اور ان کے لیے زمین تنگ کردی گئی۔

آخری فوجی

یکم ستمبر کو امریکا کے آخری فوجی نے افغانستان کو خیرباد کہا۔ کابل ایئرپورٹ پر نائٹ ویژن کیمرے سے لی گئی امریکی فوجی کی تصویر دنیا بھر میں وائرل رہی جو اس بات کی علامت بنی کے دو دہائیوں سے جاری ظلم و بربریت کا دور ختم ہوا۔

بلوچستان کے پہلے وزیراعلٰی انتقال کرگئے

2ستمبر کو وزیراعلٰی بلوچستان اور پاکستانی سیاست داں عطاء الّٰلہ مینگل حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئے۔ وہ 1972میں بلوچستان کے پہلے وزیراعلٰی بنے اور کئی برسوں جیل و جلاوطنی کاٹی۔ وفات کے وقت ان کی عمر 93برس تھی۔

لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھم گئی!

2 ستمبر کو انڈیا کے اداکار، ہوسٹ اور ماڈل سدھارت شکلا حرکت قلب بند ہوجانے سے 40 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔ انھیں انڈیا کے مشہور رئیلٹی شو ’’بگ باس‘‘ سے شہرت ملی۔ جواں سال موت کے ساتھ سدھارت اور شہنار کی جوڑی کے ملنے سے قبل بچھڑ جانے پر شائقین بے حد رنجیدہ ہوئے۔ وہ بیسٹ ایکٹر اور موسٹ فٹ میل ایکٹر کے علاوہ مختلف ایواڈز اپنے نام کر چکے تھے۔

 آٹے کی قیمتوں کو لگے پر

3 ستمبر کو پنجاب میں گندم کی قیمت 2200 روپے من کردی گئی۔ آٹے کا تھیلا 100روپے مہنگا ہوگیا۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ آٹے کی دست یابی میں قلت کے خدشات سر اٹھانے لگے جس پر شدید عوامی ردعمل سامنے آیا۔ یاد رہے کہ گندم کی قیمتوں3  ہفتوں میں200 کا اضافہ ہوا۔

طالبان کا دعویٰ

4 ستمبر کو افغان طالبان نے یہ دعویٰ کیا کہ وادی پنج شیر فتح کرلی ہے، جس کے 34 اضلاع پر ان کو کنٹرول مل چکا ہے، جب کہ اپوزیشن گروپ نے اس بیان کی تردید کی۔ یاد رہے کہ یہ اعلان افغانستان میں نئی حکومت کا اعلان کرنے سے پہلے کیا گیا۔ دوسری طرف یورپی یونین نے اعلان کیا کہ وہ نئی طالبان حکومت کو تسلیم نہیں کرے گی۔

کوئٹہ خودکش حملہ۔۔۔انسانی اعضاء بکھر گئے!

5 ستمبر کو کوئٹہ میں سیکیوریٹی فورسز کے قافلے پر خودکش بم حملہ ہوا جس میں ایف سی کے 4 جوان شہید جب کہ بیس افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے میں پانچ کلو سے زائد بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔ حملے کی ذمہ داری ٹی ٹی پی نے قبول کی۔

مولانا امیر زمان انتقال کرگئے

7ستمبر کو پاکستانی سیاست دان اور سابق وزیر مواصلات مولانا امیر زمان 65برس کی عمر میں وفات پاگئے۔ ان کا تعلق جمعیت علماء اسلام (ایف) سے تھا۔ وہ کورونا وائرس میں مبتلا تھے۔

بٹ کوئین کو سرکاری حیثیت دینے والا پہلا ملک!

7ستمبر کو ایل سلواڈور نے بٹ کوئین کو سرکاری حیثیت دیتے ہوئے ملکی کرنسی کا درجہ دے دیا ہے۔ ایسا کرنے سے ایل سکواڈور دنیا کا وہ پہلا ملک بن گیا ہے جہاں بٹ کوئین کو باقاعدہ کرنسی کی حیثیت ملی ہے۔ ایل سلواڈور وسطی امریکہ میں واقع ایک ریاست ہے۔

رحیم اللہ یوسف زئی جہاںِ فانی سے کوچ کرگئے!

9ستمبر کومعروف پاکستانی صحافی، کالمسٹ، سیاسی و دفاعی تجزیہ نگار، اسامہ بن لادن اور طالبان لیڈر ملاعمر کا انٹرویو کرنے والے رحیم اللّٰہ یوسف زئی 66 برس کی عمر میں کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔ رحیم اللّٰہ کا شمار ان صحافیوں میں تھا جو سوویت افغان جنگ کے دوران 1995میں قندھار گئے اور حالات کا تجزیہ کیا۔ وہ ملکی اور بین الاقوامی میڈیا نیٹ ورکس کے ساتھ منسلک رہے۔ حکومتِ پاکستان نے ان کی جرأت مندانہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے انھیں ’’تمغۂ امتیاز‘‘ اور ’’ستارۂ امتیاز‘‘ سے نوازا۔

جسٹین ٹروڈو تیسری مرتبہ کام یاب

20ستمبر کو کینیڈا کے وفاقی انتخابات میں جسٹین ٹروڈو نے تیسری مرتبہ کام یابی حاصل کی اور کینیڈا کے وزیراعظم منتخب ہوئے۔ ٹروڈو ہر دل عزیز وزیراعظم کی حیثیت رکھتے ہیں جس کی وجہ ان کی سوچ اور ان کا طرزِعمل ہے۔ وہ انسانیت اور فلاحی امور کو ترجیحی بنیادوں فوقیت دینے کے قائل ہیں۔ ٹروڈو کو مسلم ممالک میں مذہبی رواداری کی وجہ سے بھی سراہا جاتا ہے۔ یاد رہے کہ 8 ستمبر کو جسٹن ٹروڈو پر انتخابی مہم کے دوران مظاہرین کی طرف سے پتھراؤ کیا گیا جس میں وہ بال بال بچ گئے۔

سب کو ہنسانے والا چپ چاپ چل بسا!

2اکتوبر کو دنیائے طنزو مزاح کے بے تاج بادشاہ عمرشریف کینسر کے باعث انتقال کرگئے۔ لیجنڈری اداکار نے تین دہائیوں تک لوگوں کے دلوں پر راج کیا۔ اپنی زندگی کے آخری ایام میں انھیں حکومتِ پاکستان کے تعاون سے بیرونِ ملک علاج کی غرض سے لے جانے کے لیے ایئر ایمبولینس کا بندوبست بھی کیا گیا مگر وہ دوران سفر ہی انتقال کرگئے۔

پینڈورا کا ڈھنڈورا!

3اکتوبر کو 2.9 ٹیرا بائیٹس ڈیٹا پر مبنی 11.9ملین ڈاکومینٹس انٹرنیشنل کنثوٹئیم آف انویسٹیگیٹو جزنلسٹس کی جانب سے شائع کیے گئے جنہیں پینڈورا پیپرز کا نام دیا گیا۔ آئی سی آئی جے صحافتی میدان میں تحقیق اور کھوج کا بادشاہ ہے جس نے دنیا بھر کے امیر اور طاقت ور اور بدعنوان لوگوں کو بے نقاب کیا۔ پینڈورا پیپرز میں دنیا کے مشہور لیڈروں، سلیبریٹیز، کھرب پتی افراد، سیاست دانوں اور تاجروں کے غیرقانونی اثاثہ جات کی فہرستیں دنیا کے سامنے آگئی ہیں، جو کرپشن اور ٹیکس چوری کرکے اپنے ملک کو لوٹنے میں مصروف ہیں۔

نئی ویکسین

6اکتوبر کو والڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے ملیریا کی ویکسین کا پہلی بار آغاز کر دیا۔ WHOنے یہ ویکسین وسیع پیمانے پر استعمال کے لیے بنائی ہے۔

بلوچستان لرز اٹھا!

7 اکتوبر کو پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے شہر ہرنائی میں صبح 3 بج کے 31 منٹ پر 5.9 شدت کا زلزلہ آیا جس میں 27 افراد ہلاک ہوئے اور 300 سے زائد زخمی، جب کہ 15تاحال لاپتا ہیں۔ زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کی زد میں متعدد عمارتیں اور مکانات آئے۔

شعیب ملک تنفید کی زد میں

8 اکتوبر کو بولڈ فوٹو شوٹ کرانے پر شعیب ملک اور اداکارہ عائشہ عمر کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں کے درمیان قربت کے مناظر پر مبنی فوٹو شوٹ سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گیا اور صارفین کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا۔ یہاں تک کہ عائشہ عمر سے یہ سوال بھی کیا گیا کے کیا وہ دونوں شادی کا ارادہ رکھتے ہیں جس پر انھوں نے وضاحت دی کے وہ دونوں صرف اچھے دوست ہیں۔

ایران کے پہلے صدر چل بسے

9 اکتوبر کو ایران کے پہلے صدر سیدابوالحسن بنی صدر علالت کے بعد انتقال کرگئے۔ انتقال کے وقت ان کی عمر 88  برس تھی۔ وہ ایک لکھاری بھی تھے۔ ان کی تین کتب میں سے ایک ’’توحید اکنامکس‘‘ بھی شامل ہے۔

سردار سکندر حیات وفات پاگئے

9  اکتوبر کو دو مدتوں کے لیے آزاد جموں کشمیر کے صدر اور وزیراعظم رہنے والے سردار سکندر حیات خان انتقال کر گئے۔ وہ آزاد جموں کشمیر کی تاریخ میں طویل عرصہ خدمات سرانجام دینے والے پہلے وزیراعظم تھے۔ وفات کے وقت ان کی عمر 87 برس تھی۔

 محسن پاکستان ہم میں نہ رہے!

10اکتوبر کو محسن پاکستان ڈاکٹرعبدالقدیر خان 85 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ یکم اپریل 1936 کو ریاست بھوپال ہندوستان میں پیدا ہوئے۔ انھوں نے پاکستان کو جوہری طاقت بنانے مین کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی کاوشوں کے نتیجے میں انھیں ’’نشانِ امتیاز‘‘ اور ’’ہلالِ امتیاز‘‘ سے نوازا گیا اور محسنِِ پاکستان کا خطاب دیا گیا۔ ان کے جسدخاکی کو تدفین سے قبل گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر کراچی کے ایچ ایٹ قبرستان میں سپردخاک کیا گیا۔

نوبیل انعام یافتہ مسلمان

12اکتوبر کو تنزانیا کے لکھاری عبدالرزاق گرناح کو نوبیل انعام برائے ادب سے نوازا گیا۔ اس انعام کا موجب ان کی جدید افریقی ادب کی تخلیق بنی۔ اس سے قبل کسی مسلم لکھاری نے ادب کا نوبیل پرائز15برس پہلے حاصل کیا تھا جن کا تعلق ترکی سے تھا۔

مذاکرات کی ناکامی پر ردعمل

22 اکتوبر کو تحریک لبیک اور حکومت کے درمیان سعد رضوی کی رہائی اور فرانسیسی سفیر کو ملک بدر کرنے کے سلسلے میں ہونے والے ناکام مذاکرات کے ردعمل میں لاہور ملتان روڈ کو بلاک کردیا گیا اور اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر دیا۔

 فیس بک نہیں رہی!

28اکتوبر کو سماجی ویب سائٹ فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے اعلان کیا کہ انھوں نے اپنی کمپنی کا نام فیس بک سے تبدیل کرکے میٹا رکھ دیا ہے۔ نام بدلنے کی وجوہات بیان کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کے وہ اب کمپنی کے نئے ویژن پر کام کر رہے ہیں اور ورچوئل رئیلٹی میں منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ تاہم بانیِ فیس بک نے صارفین کو یہ خوش خبری دی ہے کہ وہ فیس بک کا نام تبدیل نہیں کریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔