کراچی چیمبراورانڈین اسمال فیڈریشن میں تجارتی فروغ کامعاہدہ

پاکستان وبھارت باہمی تجارتی رکاوٹیں فوری دور، تاجروں کو ہرممکن مدددیں،صدرممبئی چیمبرنیرا ساگی


Business Reporter February 13, 2014
دونوں ملک ایس ایم ایز کو مضبوط بنائیں، عبداللہ ذکی، مہمان تاجروں کو مکمل تعاون کی یقین دہانی فوٹو: فائل

پاکستان اوربھارت کے درمیان دوطرفہ تجارت کے فروٖغ اورتاجروں کے درمیان روابط کی مضبوطی کے لیے کراچی چیمبرآف کامرس اورفیڈریشن آف انڈین مائیکرواینڈ اسمال میڈیم انٹرپرائزکے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔

معاہدے کے تحت معلومات کے تبادلے کے علاوہ تجارت کے فروغ اور ایس ایم ایز کی ترقی کو یقینی بنایاجائے گا۔ معاہدے پرکراچی چیمبر کے صدرعبداللہ ذکی اورایف آئی ایس ایم ای کے جوائنٹ سیکریٹری مکیش کلرا نے دستخط کیے۔ قبل ازیں '' پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارت کے مواقع'' کے موضوع پرمنعقدہ مشترکہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ممبئی چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسڑی کی صدر مس نیرا ساگی نے پاکستان اوربھارت کی باہمی تجارت میں حائل نان ٹیرف رکاوٹیں، ویزوں کے طریقہ کاروحصول میں مشکلات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ دونو ں ممالک کی حکومتوں کی فی الفور ان رکاوٹوں کا خاتمہ کرنے کی ضرورت ہے۔

نیرا ساگی نے بمبئی چیمبر آف کامرس اور کراچی چیمبر آف کامرس کے درمیان سال2010میں طے شدہ معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ دونوں چیمبرز کے درمیان شاندار تعلقات قائم ہیں اور مشترکہ کوششوں سے پاکستان اور بھارت کے تاجروں کوقریب لانے میں خاطر خواہ مدد ملی ہے۔ دونوں ملکوں کی حکومتوں کو اس ضمن میں تاجروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرنا چاہیے۔ انہوں نے دوطرفہ تجارت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اگر غیر قانونی تجارت کی روک تھا م کے موثر اقدامات کیے جائیں تو دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وفد کے سربراہ اور ایف آئی ایس ایم ای کے جوائنٹ سیکریٹری مکیش کلرا نے باہمی تعلقات کے فروغ میں کراچی چیمبر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہاکہ لاہور اورکراچی کے لوگوں کی مہمان نوازی کو ہمیشہ یاد رکھاجائے گاجس کی وجہ سے بھارتی تاجروں کا حالیہ دورہ پاکستان یادگارہو گیاہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی وفد کے ایک رکن کواپنے پاکستانی ہم منصب سے جلد ایک معاہدے پر دستخط کرنے کا موقع میسر آئے گا جواس مختصر دورے کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کراچی چیمبر سے تعاون بھی طلب کیا تاکہ بھارتی تاجر پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر جوائنٹ وینچرز کو عملی جامہ پہنا سکیں۔ کراچی چیمبر آف کامرس کے صدر عبداللہ ذکی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تجارت میں حائل رکاوٹیں ختم کرنے کے ساتھ دوستانہ تعلقات کافروغ بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی بھارت کے ساتھ تجارت کے حوالے سے مثبت فہرست کے بجائے منفی فہرست کے نفاذ سے تجارت کو بھرپور فروغ حاصل ہوا ہے جبکہ بھارت نے بھی پاکستان سے برآمد کی جانیوالی اور درآمدی اشیا پر عائد پابندی میں نرمی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو چاہیے کہ وہ ایس ایم ایز کو مضبوط بنائیں اور انہیں ایسے مواقع فراہم کیے جائیں کہ وہ خود انحصاری کی جانب گامزن ہوں۔ انہوںنے فیڈریشن آف انڈین مائیکرو اینڈ اسمال، میڈیم انٹرپرائزز (ایف آئی ایس ایم ای) کو کے سی سی آئی کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون کے ذریعے دونوں ادارے مزیدترقی کریں گے جس سے انڈو پاک کے تاجروں کو خاطر خواہ فوائد حاصل ہوں گے۔